ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں سونا سستا ہو گیا ،فی تولہ سونے کی قیمت میں200روپے کمی

اتوار 6 ستمبر 2015 09:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء) ہفتہ کے روز عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں بھی سونا سستا ہو گیا جبکہ 6کاروباری دنوں میں عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں10ڈالر کی کمی ہوئی جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں350روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں2ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1122ڈالر پر آگئی ۔

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں200روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد،راولپنڈی،اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت45ہزار 800روپے سے گھٹ کر45ہزار600روپے ہوگئی اسی طرح 172روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت39ہزار85روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت640روپے کی سطح پر بدستور برقراررہی۔دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تاہفتہ 6کاروباری دنوں کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں10گرام سونے کی قیمت میں300روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اسی مدت کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 640روپے کی سطح پر بدستور مستحکم رہی۔