امریکہ نے روس اور چین کی اسلحہ ساز کمپنیوں پر پابندی لگا دی، روسی اور چینی کمپنیوں نے ایران، شمالی کوریا اور شام کو بیلسٹک میزائل کے پرزے اور ٹیکنالوجی فراہم کی ہے اس لئے یہ اقدام اٹھایا ، امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

اتوار 6 ستمبر 2015 09:56

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء)امریکہ نے روس اور چین کی تین اسلحہ ساز کمپنیوں پر ان کی ایران ، شمالی کوریا اور شام کے ساتھ مبینہ ہتھیاروں کی تجارت کرنے کی وجہ سے پابندی لگا دی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے مطابق امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک مراسلہ میں یہ الزام لگایاگیا ہے کہ روسی اور چینی کمپنیوں نے ایران، شمالی کوریا اور شام کو بیلسٹک میزائل کے پرزے اور ٹیکنالوجی فراہم کی ہے۔

چین کی جن کمپنیوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں مشہور چینی کمپنی بی ایس ٹی ٹیکنالوجی بھی شامل ہے جبکہ پابندی کے نرخے میں آنے والی اسلحہ ساز کمپنی روسو بورو پورٹ دراصل روس کی ایک سرکاری اسلحہ ساز کمپنی ہے۔اس کے علاوہ روس کی ایک اور سرکاری کمپنی رشین ائیر کرافٹ کارپوریشن کو بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ کے مطابق مندرجہ بالا کمپنیاں عدم پھیلا ایکٹ کے تحت پابندیوں کی زد میں آئی ہیں۔

تاہم مراسلہ میں یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ ان تین ممالک کے ساتھ تجارت یا ٹیکنالوجی کی فراہمی کب اور کیسے کی گئی اور کروز یا بیلسٹک میزائل کے کون سے پرزہ جات ان کمپنیوں نے فراہم کئے۔روس نے اعلا ن کیا ہے کہ امریکہ روس پر پابندیاں لگانے کے لئے نت نئے طریقے ایجاد کر رہا ہے اور اس کا مقصد دنیا میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔یاد رہے کہ امریکہ یوکرائن کے مسئلے میں بھی روس کی کئی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر چکا ہے۔دریں اثناء ایران نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اس مراسلہ کو حیریت انگیز قرار دیا ہے۔