یمن : اسلحہ ڈپو میں دھماکے ، یو اے ای اور بحرین کے 50فوجی ہلاک

اتوار 6 ستمبر 2015 09:30

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء)یمن میں ایک اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکے سے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے 50 فوجی ہلاک ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں 45 فوجی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور 5 بحرین کے تھے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یمن کے شیعہ حوثی باغیوں نے وسطی صوبے مآرب میں سعودی قیادت میں اتحادی فوج کے ایک اسلحہ ڈپو پر حملہ کیا جس میں فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔

یو اے ای کے وزیر خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ فوجیوں کی ہلاکت اس وقت ہوئی جب باغیوں نے اسلحے کے ایک ڈپو پر حملہ کیا۔انور قرقاش کے مطابق ایسے بزدلانہ حملے ہمیں نہیں روک سکتے۔فوجیوں کی اموات پر متحدہ عرب امارات میں 3 دن کے سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بحرین کی فوج نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ سعودی عرب میں فرائض کی انجام دہی کے دوران 5 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بحرین ?یفنس فورس کی جانب سے جاری بیان میں فوجیوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ ان فوجیوں کی ہلاکت کیسے ہوئی البتہ رپورٹس کے مطابق ان فوجیوں کی ہلاکت بھی اسی دھماکے میں ہوئی۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق مارچ 2015 سے اب تک یمن میں جنگ اور سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی میں 4500 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے جس میں 2110 عام شہری شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :