یوم دفاع کے موقع پر پشاور میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، سیکورٹی فورسز نے 5 کلووزنی ریمورٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا کر تین ملزمان کو حراست میں لے لیا،کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا ایجنٹ گرفتار،بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد،گرفتار دہشت گرد نے ”را“ سے گٹھ جوڑ کا اعتراف کر لیا

اتوار 6 ستمبر 2015 09:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء) یوم دفاع کے موقع پر پشاور شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔ سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 کلووزنی ریمورٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا ،جبکہ تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے علاقے متھرا کے قریب نیورنگ روڈ سے محکمہ انسداد دہشت گردی کی سپیشل پولیس یونٹ نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 5 کلو وزنی ریمورٹ کنٹرول بم برآمد کر لیا اور اس موقع پر تین ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

سیکورٹی فورسز کے مطابق تین ملزمان ہدایت اللہ ، ثناء اللہ اور نور الللہ کو زیر حراست میں لیا گیا ہے اور تینوں ملزمان پشاور میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان پولیو ٹیموں پر حملے اور بھتہ خوری میں بھی پولیس کو مطلوب رہے ہیں ۔سیکورٹی فورسز کے مطابق ملزمان 6 ستمبر یوم دفاع کے مواقع پر پشاور می دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جبکہ بروقت کارروائی سے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔

ادھرکوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے ،سکیورٹی اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار دھماکہ خیزمواد برآمدت کر لیا ہے،گرفتار دہشت گرد نے ”را“سے گٹھ جوڑ کا اعتراف کرلیا ہے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اداروں نے یوم دفاع کے موقع پر کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 6 کلو گرام دھماکا خیز مواد، نٹ بولٹ اور موٹر برآمد کر لیں، دہشت گرد ایک آئی ای ڈی نصب کر چکا تھا جسے اس نے یوم دفاع کے موقع پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑانا تھا، آئی ای ڈی کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے،ترجمان کے مطابق دہشت گرد نے کوئٹہ میں ماضی میں ہونے والی تخریب کاری کی کارروائیوں میں بھی ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم دھماکے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

دہشت گرد نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق کا بھی اعتراف کیا ہے۔