گوجرانوالہ،صابن کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ، 5 جاں بحق،25زخمی،سینکڑوں مزدور چھت کے ملبے تلے دب گئے،زخمیوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا،12 مزدوروں کی حالت تشویشناک،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،پولیس نے فیکٹری مالک اور مینجر کو گرفتار کر کے تفتیش شوع کر دی،وزیراعلیٰ پنجاب کا قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار ،زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت ،رپورٹ طلب

اتوار 6 ستمبر 2015 09:15

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء)گوجرانوالہ کے علاقے گھگڑمنڈی کے قریب صابن کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے چھت سینکڑوں مزدورں پر گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور25 سے زائد زخمی ہوگئے،زخمیوں میں 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،وزیراعلیٰ کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے ہدایت کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز گوجرانوالہ کے علاقے گھگڑ منڈی کے قریب ایک معروف صابن کمپنی میں اس وقت بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ ہوا جب سینکڑوں مزدور کمپنی میں کام میں مصروف تھے ،دھماکے سے کمپنی کی چھت گرنے سے سینکڑوں مزدور ملبے تلے دب گئے ،5 مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 25 سے زخمی ہوئے جس کی جسم بری طرح جھلس گئے،واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مزدوروں کو ملبے تلے نکالا اور انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا ،پولیس اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں،ریسکیو حکام کے مطابق بوائلر دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوئے جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے،ہسپتال انتظامیہ نے 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 25 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جن کے جسم بری طرح جھلسے ہوئے ہیں ان میں12 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں فیکٹری میں دھماکہ بوائلرپھٹنے سے ہوا ،کسی تخریب کاری کا بھی خدشہ ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں، پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے فیکٹری مالک اور منیجر کو حراست میں لے لیا گیا ہے،عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ فیکٹری میں موجود بھاری مشینری بھی سڑک پر آ گری اور پوری فیکٹری کو آگ لگ گئی اور آسمان کی جانب بڑے بڑے شعلے اٹھتے دیکھائی دیئے،ایک اور عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں،دھماکے کے بعد لوگ اپنی جان بچانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی تاہم بوائلر دھماکے کی خبرکی تصدیق کے بعد لوگ واپس فیکٹری پہنچے اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکال کر ہسپتال تک پہنچایا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے فیکٹری دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اورحکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری بہتری طبی امداد فراہم کی جائے ،وزیر اعلی نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔