لاہور ہائیکورٹ ،ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کمپنی کی برطرفی کا حکم معطل ، عہدے پر بحال کردیا

بدھ 9 ستمبر 2015 08:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید کی برطرفی کا حکم معطل کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدے پر بحال کردیا۔ عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گذار عارف حمید کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے عہدے کی معیاد ابھی مکمل نہیں ہوئی لیکن انہیں پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

معاہدے کے مطابق معیاد کی تکمیل سے قبل عہدے سے ہٹایا نہیں جاسکتا اس لئے ان کی برطرفی کو کالعدم قرار دے کر انہیں ان کے عہدے پر بحال کیا جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کا اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے درخواست گزار عارف حمید کے موقف کو درست قرار دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت ان کوعہدے سے نہیں ہٹا سکتی۔

(جاری ہے)

انہیں صرف کمپنی آرڈیننس کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔

عدالت نے ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کر نے حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی اور وفاقی حکومت،وزارتِ پٹرولیم اور دیگرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔واضح رہے کہ وزارت پٹرولیم نے دو روز قبل عارف حمید کو ایم ڈی سوئی نادرن کے عہدے سے ہٹا دیا تھا- جس کے بعد انہوں نے اپنی برطرفی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔