پاکستان کے وجود کو” را“ اور” موساد “سے اتنا خطرہ نہیں جتنا فطری غلاموں سے ہے،میجر(ر) عا مر، افغان طالبان دہشت گردنہیں بلکہ فریڈم فائٹر ہیں، افغان جنگ کو فساد کہنے والے ذہنی مریض ہیں انکے اپنے عزائم ہیں جس کی خاطر وہ سچ بولنے سے کتراتے ہیں، پشاور میں ہمدرد مجلس شوریٰ سے خطاب

بدھ 9 ستمبر 2015 09:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء) آئی ایس آئی پاکستان کے سابق سٹیشن چیف اسلام آباد میجر(ر) عا مرنے کہا کہ پاکستان کے وجود کو ” را“ اور” موساد “ سے اتنا خطرہ نہیں ہے جتنا خطرہ انہیں فطری غلاموں سے جن کو لفظ جہاد سے چڑ ہے افغان طالبان دہشت گردنہیں بلکہ فریڈم فا ئٹر ہیں انہوں نے کہاکہ افغان جنگ کو فساد کہنے والے ذہنی مریض ہیں انکے اپنے عزائم ہیں جس کی خاطر وہ سچ بولنے سے کتراتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں ہمدرد مجلس شوریٰ سے خطاب کر کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے وجود کو را اور موساد سے اتنا خطرہ نہیں ہے جتنا خطرہ انہیں فطری غلاموں سے جن کو لفظ جہاد سے چڑ ہے اگر پاکستان کی ڈکشنری سے لفظ جہاد نکال دیا گیا تو پھر ہندو مسلم فوج میں کیا فرق باقی رہے گا۔

(جاری ہے)

جو لوگ پاکستان میں دہشت گرد ی کے خاتمے اور کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر امن امن کا راگ الاپتے ہیں وہ مخلص نہیں ہیں۔

انہوں نے افغانستان کے حوالے سے کہاکہ افغان رہنماء جس ڈیورنڈ لائن کو آج نہیں مانتے انہوں نے اسے انگریز کی حکومت میں تسلیم کیا تھا اب جبکہ مسلمانوں کی حکومت ہے تو انہیں یہ تسلیم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغان حکمران ہوش کے ناخن لیں وہ احمد شاہ ابدالی ، محمود غزنوی کی اولاد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاک وفوج اور افغانوں نے ملکر روس کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے سابق آمر مشرف کے دور میں امریکی مفاد کے لئے اس کو سخت نقصان پہنچایا گیا ۔

وہ تو آخر میں کشمیر سے بھی دستبر دار ہو گئے تھے ۔ انہوں سابق آمروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہاکہ ضیاء الحق اس وقت تک ٹھیک کام کر تے رہے جب وہ مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر نہیں تھے جبکہ مشرف کا کردار کارگل تک ٹھیک تھے جب وہ سیاست میں آگئے تو انکی لائن خراب ہوگئی ۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم ذو الفقار علی بھٹو کی تعریف کر تے ہوئے کہا کہ ان کو کارناموں میں آئی ایس آئی بنانا اور ایٹمی ری ایکٹر کی بنیاد رکھنا نمایاں ہے ان کی ملک کے لئے ان خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آئی ایس آئی موجود ہے پاکستان قائم رہے گا۔ یہ صرف ہماری نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا ہتھیار ہے ۔ انہوں نے پاک فوج کو ڈی ایچ اے کا طعنہ دینے والے سن لیں بھارت اس سے نہیں بلکہ دو نشان حیدر رکھنے والے خاندان کے فرزند جنرل راحیل شریف جیسے مر د مجاہد سے خوفزادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی حکومتیں ختم نہیں کر تی اگر سیاسی جماعتیں آبپارہ میں انڈے دینا چھوڑ دیں تو جمہوریت خود بخود مضبوط ہو جائے گی ۔ چند کالی بھیٹریں نقصان پہنچا رہی ہیں یہ ہماری تاریخ کا المیہ ہے لیکن ان سازشوں کے باوجود بھی ہم سرخرو ہوتے رہے ہیں ہمیں ان کی پرواہ کئے بغیر سفر جاری رکھنا ہے۔

متعلقہ عنوان :