جنسی جرائم میں مذہبی رہنماوں کے ملوث ہونے پرافسوس ہے، پوپ فرانسس،یہ ظلم اب کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایسے معاملات کو اب شرم کی وجہ سے خفیہ نہیں رکھا جانا چاہئے،امریکا میں زیادتی کا شکار بچوں سے خطاب

منگل 29 ستمبر 2015 08:30

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء)عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے جنسی زیادتی کے جرائم میں مذہبی رہنما وں کے ملوث ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ظلم اب کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایسے معاملات کو اب شرم کی وجہ سے خفیہ نہیں رکھا جانا چاہئے۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے زیادتی کا شکار بچوں سے متاثر کن خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں پوپ نے کہا کہ بچوں کو بڑوں کی شفقت، محبت، ہمدردی اور حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن مجھے افسوس ہے کہ آپ کی معصومیت کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا،کبھی آپ کے اپنے اہل خانہ کے ہاتھوں، اورکبھی ان مذہبی رہنماوں کے ہاتھوں جن پر آپ کی تربیت کی ذمہ داری تھی،آپ کے ساتھ ہونے والا سلوک انسانی وقار کی توہین ہے۔

(جاری ہے)

پوپ فرانسس نے کہا کہ جو لوگ جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنے وہ ان سیمعذرت خواہ ہیں کہ جب انہوں نے یا ان کے اہل خانہ نے آواز اٹھائی، تو کسی نے ان کی آواز پر کان نہ دھرے، لیکن آپ لوگ یقین رکھیں خدا دیکھ اور سن رہا ہے۔

پوپ نے بچوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ میری درخواست ہے آپ سچائی کی راہ پر چلتے رہیں، جو لوگ ان زیادتیوں میں ملوث رہے ہیں انہیں اپنے اعمال کا جواب دہ ہونا ہوگا،پوپ فرانسس نے ان افرادسے وعدہ کیا کہ زیادتی کے شکار بچوں کی زندگی کی بحالی کے لیے وہ ہمہ وقت چوکس رہیں گے۔