حوثی باغی ہتھیار ڈال کر مذاکرات کریں: یمنی صدر، بحران کے سیاسی حل کے لیے ہر طرح کی کوششیں کرنے کو تیار ہوں،عبد ربہ منصور ہادی

منگل 29 ستمبر 2015 08:32

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء )یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی نے حوثی باغیوں پر زوردیا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور ملک میں جاری تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں۔انھوں نے یہ بات جنوبی شہر عدن سے نیویارک کے لیے روانہ ہوتے وقت کہی ہے۔وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔وہ سعودی دارالحکومت الریاض میں قریبا چھے ماہ تک جلاوطن رہنے کے بعد گذشتہ بدھ کو عدن لوٹے تھے۔

انھوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ''میں بحران کے سیاسی حل کے لیے ہر طرح کی کوششیں کرنے کو تیار ہوں''۔انھوں نے حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ''وہ اپنی بغاوت ختم کردیں،ہتھیار ڈال دیں اور مذاکرات کی میز پر آجائیں تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2216 پر عمل درآمد کیا جاسکے''۔

(جاری ہے)

اس قرارداد میں حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں کو خالی کردیں۔درایں اثناء شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کو ایک خط لکھا ہے اور اس میں انھیں عدن واپسی پر مبارک باد دی ہے اور سعودی مملکت کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ صدر کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔شاہ سلمان نے لکھا ہے کہ ''ہم اپنے اتحاد میں بھرپور طریقے سے آپ کے ساتھ کھڑے ہیں تاکہ آپ کے ملک کا دفاع کیا جاسکے''۔

واضح رہے کہ یمن میں گذشتہ دوماہ کے دوران میدان جنگ میں نمایاں تبدیلیاں رو نما ہوئی ہیں اور جنوبی شہروں میں حوثی شیعہ باغیوں اور سابق صدر علی صالح کے وفادار دستوں کو صدر منصور ہادی کی وفادار فوج ،جنوبی مزاحمت سے تعلق رکھنے والے جنگجووٴں اور مسلح قبائل کے مقابلے میں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔وہ مسلسل جنوبی اور وسطی شہروں سے پسپا ہورہے ہیں جبکہ صدر منصور ہادی کی وفادار فورسز اب دارالحکومت صنعا کی جانب فیصلہ کن یلغار کی تیاری کررہی ہیں۔

حوثی باغیوں نے گذشتہ سال ستمبر سے دارالحکومت صنعا اور ملک کے بیشتر شمالی حصے پر قبضہ کررکھا ہے۔انھوں نے صنعا پر قبضے کے بعد جنوبی اور وسطی شہروں کی جانب یلغار کی تھی اور ان پر آناً فاناً قبضہ کر لیا تھا۔ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد ان کا یہ قبضہ ختم کرانے کے لیے 26مارچ سے حوثیوں اور ان کے اتحادیوں پر فضائی حملے کررہا ہے۔اس فضائی مہم کی بدولت ہی یمن کی سرکاری فوج کو میدان جنگ میں کامیابیاں ملی ہیں۔