کرنسی اسمگلنگ کیس،ماڈل ایان علی کے خلاف حسب روایت فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ماڈل کے خلا ف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی 8 اکتوبر تک ملتوی ،عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گی،جب بولنا شروع کروں گی تو کئی دن لگ جائیں گے، ایان علی

منگل 29 ستمبر 2015 08:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء ) ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈل ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج صابر سلطان کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے چھٹی پر ہونے کے باعث مقدمے میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی اور عدالت نے سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کرنے کی سماعت بھی 8 اکتوبر تک ملتوی ہو گئی۔عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایان علی نے کہا کہ وہ 4 ماہ جیل میں رہیں اور اب بھی ہر تاریخ پر عدالت میں پیش ہورہی ہیں،عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گی، ابھی ان کے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے اس لئے وہ اس پر میڈیا سے بات نہیں کرسکتی لیکن جب بولنا شروع کروں گی تو کئی دن لگ جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو مارچ میں 5 لاکھ امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا لیکن ساڑھے 6 ماہ گزر جانے کے باوجود ملزمہ کے خلاف چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔ ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں 24 مرتبہ عدالت میں پیش ہوچکی ہیں اور گزشتہ 6 سماعتوں کے دوران ان پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی جا سکی ہے۔

متعلقہ عنوان :