بھارت، سکھ نوجوان نے اپنی پگڑی کی مدد سے 4 لڑکوں کو ڈوبنے سے بچا لیا

جمعرات 1 اکتوبر 2015 08:11

امرتسر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2015ء)بھارتی پنجاب کے علاقے سولر گھات کے رہائشی سکھ نوجوان اندرپال سنگھ نے اپنے اس انسانی جذبہ کی وجہ سے خود کو ہیرو بنا لیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اندرپال سنگھ اپنے علاقے سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس نے نہر سے مدد کیلئے پکارنے کی آوازیں سْنیں۔ اندرپال سنگھ نہر کے قریب گیا تو اس نے دیکھا کہ چار کم عمر لڑکے مدد کیلئے چیخ و پکار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سکھ نوجوان کو کچھ سمجھ نہیں آرہی تھی کہ وہ ان نو عمر لڑکوں کی کس طرح مدد کرے؟ کیونکہ ذرا سی بھی دیر ان کی جان لے سکتی تھی۔ اندرپال سنگھ نے اپنے مذہبی عقائد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی پگڑی کھولی اور ڈوبتے ہوئے نوعمر لڑکوں کی طرف پھینک دی اور باری باری چاروں لڑکوں کو کنارے پر کھینچ لیا۔واضع رہے کہ سکھ مذہب میں پگڑی کو بنیادی عقیدے کی حیثیت حاصل ہے۔ ایک کٹر سکھ شخص نہانے کے علاوہ کبھی اپنی پگڑی نہیں کھولتا بلکہ ایسا کرنا اپنی توہین سمجھتا ہے۔ خیال رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ نیوزی لینڈ میں بھی پیش آیا تھا جہاں ایک سکھ نوجوان ہرمان سنگھ نے ٹریفک حادثے میں زخمی ایک لڑکے کو بچانے کیلئے اپنی پگڑی کھول کر اس کے زخم پر رکھ دی تھی

متعلقہ عنوان :