امریکا:کیرولینا میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے ہلاکتیں 17 ہوگئیں

جمعرات 8 اکتوبر 2015 09:28

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2015ء) امریکی ریاست کیرولینا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی۔ بڑی تعداد میں شہریوں کی محفوظ مقامات کی جانب منتقلی جاری۔امریکی ریاست جنوبی کیرولینا بدترین بارشوں کی لپیٹ میں ہے۔ ریاست میں چھ سو سڑکیں اور پل بند ہیں۔ چالیس ہزار سے زائد شہری پانی جبکہ چھبیس ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

اوور کریک ڈیم ٹوٹنے سے بڑے پیمانے پر لوگوں کا انخلا کا سامنا ہے۔طوفانی بارشوں کے سبب شہری گھروں میں محصورہو کر رہ گئے ہیں۔ سورج نکلنے سے موسم کچھ بہتر ہوا تو انتظامیہ نے گھروں سے باہر نکلنے سے منع کردیا۔گذشتہ تین روز میں دو فٹ سے زیادہ بارش ہوئی۔ اسکول اور دفاتر بند ہیں۔ ریاست کے گورنر نے بارشوں سے نقصان کا تخمینہ ایک ارب ڈالر سے زائد کا لگایا ہے۔