امریکہ میں وفاقی جیلوں سے 6ہزار سے زائد قیدی رہا کرنے کافیصلہ ،اکثریت کوگھروں میں نظر بند کیا جائے گا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2015ء)امریکہ میں محکمہ انصاف نے وفاق کے زیرانتظام جیلوں سے 6ہزار سے زائدقیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان افراد کی رہائی رواں ماہ کے آخر تک عمل میں آئے گی اور یہ امریکی تاریخ میں وفاقی جیلوں سے ایک وقت میں اتنے زیادہ قیدیوں کی رہائی کا سب سے بڑا واقعہ ہوگا۔

ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا مقصد جیل میں ہجوم میں کمی کرنا بھی ہے۔اس کے علاوہ ان میں بہت سے قیدی ایسے ہیں جو منشیات سے متعلق جرائم کی سزا میں کمی کی پالیسی سے مستفید ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رہائی پانے والے اکثر قیدی ابتدا ء میں اپنے گھروں میں نظربند کیے جائیں گے اور اس کے بعد ہی انھیں آزادی ملے گی تاہم ان کی نگرانی کی جاتی رہے گی۔

(جاری ہے)

سزاوٴں کا تعین کرنیوالے پینل نے ایسے غیر متشدد منشیات فروشوں کی سزا کے رہنما اصولوں میں تبدیلی کی ہے جو 1980 اور 1990 کی دہائی میں پکڑے گئے تھے۔پینل کا اندازہ ہے کہ اس تبدیلی سے امریکی جیلوں میں اس قسم کے جرائم کی وجہ سے قید ایک لاکھ میں سے 46 ہزار قیدی جلد رہائی کے حقدار ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اس وقت امریکہ کی وفاقی جیلوں میں دو لاکھ چھ ہزار قیدی موجود ہیں جبکہ 1980 میں یہ تعداد 25 ہزار تھی۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملک بھر میں وفاقی اور ریاستی جیلوں میں قید افراد کی کل تعداد اس وقت 15 لاکھ 60 ہزار ہے۔

متعلقہ عنوان :