یمنی باغیوں کوایندھن کی فراہمی بند کرانے کا مطالبہ

جمعہ 9 اکتوبر 2015 08:39

صنعاء( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2015ء ) یمنی عوام نے صدر ربہ منصور ھادی کی جانب سے تمام شہروں میں ایندھن کی تمام اقسام کی سپلائی یقینی بنانے اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی ہدایت کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے مگر ساتھ ہی عوامی حلقوں نے صدر ھادی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں اور علی_صالح کے وفاداروں کو ایندھن کی سپلائی بند کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ روز صدر ھادی نے اپنے مشیروں کے ایک اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو تمام بندرگاہوں پر ایندھن کی اندرون ملک ترسیل کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کرنے اور جنگ سے متاثرہ شہریوں تک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ صدر کے اس بیان پر یمنی عوام نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ باغیوں کو ایندھن کی سپلائی بند کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یمن کے سیاسی اور اقتصادی ماہرین نے زور دیا ہے کہ صدر ھادی ملک میں ایندھن کی سپلائی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیں جو اس تیل کی باغیوں تک سپلائی روکنے کو یقینی بنائے اور ایندھن کی تمام اقسام کو عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامت کرے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یمن میں جنگ کے باعث لاکھوں لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ حوثی باغیوں کے محاصرے میں پھنسے یمنی شہری زیادہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ جب کہ باغی ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بلیک مارکیٹ سے تیل خریدتے ہیں۔