کرنسی اسمگلنگ کیس ؛ماڈل ایان علی پر ایک بارپھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،کسٹم عدالت راولپنڈی نے فرد جرم کے لیے 15اکتوبر کا دن مقرر کردیا، آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 9 اکتوبر 2015 08:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2015ء ) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ کی عدم پیشی کے باعث ملزمہ پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی، کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دس بار تو سماعت فرد جرم عائد کرنے کے لیے مقرر کی جسے ملتوی کرنا پڑا،عدالت نے ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے15 اکتوبر کا دن مقرر کردیا اور وکلاء کو ہر صورت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی 13ویں بار عدالت میں پیش ہوئی ہیں کیس کی سماعت کسٹم عدلت کے جج رانا آفتاب نے کی ،سماعت کے آغاز پر فاضل جج نے ملزمہ کے جونیئر وکیل سے استفسار کیا کہ آج ایان علی پر فرد جرم عائد ہونا ہے، کوئی اعتراض ہے تو اپنے سینئر وکیل لطیف کھوسہ سے پوچھ کر بتائیں، ایان علی کے جونیئر وکیل رائے مدثر نے کہا کہ شریک ملزمان کا مکمل چالان جمع نہیں کرایا گیاجبکہ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ مصروفیت کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے لہذا کیس کی سماعت کے لیے اگلی تاریخ مقرر کی جائے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ریمارکس دیئے کہ صرف فرد جرم عائد کرنے کیلئے 10 بار سماعت مقرر کی جو ملتوی کرنی پڑی، کسی کی مرضی سے مزید تاریخیں یا مقدمے کو مزید التواء میں نہیں رکھ سکتا، جو تاریخ شیڈول میں ہو گی اس پر آنا ہو گا۔فاضل جج نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہ کیا میں قانون چھوڑ کر کسٹم حکام کے رحم و کرم پر آ جاوٴں، ماڈل ایان کا مکمل چالان پیش کیا جا چکا ہے جس میں اسے قصوروار ٹھہرایا گیا، اگر فرد جرم کے خلاف آپ کے کوئی دلائل ہیں تو بتائیں۔

تفتیشی افسر سلیم نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل کر لی ،ایان علی قصور وار ہے، مکمل چالان جمع کرا دیا، آج ہی فرد جرم کی کارروائی مکمل کی جائے۔اس دوران لطیف کھوسہ کے جونیئر وکیل نے احاطہ عدالت سے باہر آ کر ان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا مگر لطیف کھوسہ پھر بھی پیش نہ ہو سکے جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 15اکتوبر تک ملتوی کردی اور ماڈل ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 15اکتوبر کا دن مقرر کرتے ہوئے وکلاء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو 5لاکھ ڈالر دبئی لے جانے کی کوشش کے الزام میں بینظیر ائیرپورٹ سے گرفتات کیا گیا تھا اور گرفتاری کے بعد وہ 13بار عدالت میں پیش ہو چکی تاہم ابھی تک ان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ۔

قبل ازیں ایان علیپیشی کے موقع پر پوری سج دھج کے ساتھ چار محافظوں کے حصار میں عدالت پیش ہوئی اورعدالت پہنچنے پر میڈیا کے نمائندوں سے خیریت بھی دریافت کی اس موقع پر وکلاء اور سول سوسائٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے قہقے بھی لگائے۔

متعلقہ عنوان :