چنیوٹ ؛ عباس نگر میں پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او جاں بحق ، ایک کانسٹیبل شدید زخمی ،ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس کی حراست میں موجود اپنے ہی دو ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

جمعہ 9 اکتوبر 2015 08:25

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2015ء) چنیوٹ کے علاقے عباس نگر میں پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او جاں بحق اور ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس کی حراست میں موجود اپنے ہی دو ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز چنیوٹ کے علاقے عباس نگر میں تھانہ بغدالجدید کی حدود سے پولیس اغواء برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو رقم کی برآمدگی کے حوالے سے مطلوبہ مقام کی جانب لے جا رہی تھی کہ راستے میں گھاٹ لگائے ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور اپنے ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او مظفر خانوانہ موقع پر ہی جاں بحق اور کانسٹیبل محمد بشیر شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جکبہ اس کے علاوہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے پولیس کی حراست میں اپنے ہی دو ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جن کی شناخت صفدر اور اظہر کے نام سے ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او چنیوٹ کے مطابق پولیس پر فائرنگ کرنے میں بدنام زمانہ ڈکیت گروپ اظہری گینگ ملوث ہے جس کے خلاف درجنوں مقدمات درج ہیں اور گینگ کے کئی افراد پولیس کو مطلوب ہیں جنہوں نے اپنے ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کی کوشش کی ۔ اظہری گینگ اغواء برائے تاوان ، ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی فائرنگ کے بعد پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور تمام ڈاکو کھیتوں کی جانب بھاگ گئے جبکہ پولیس کی ڈاکوؤں کے خلاف چھ گھنٹے سے زائد کارروائی جاری رہی اور ڈاکوؤں نے پولیس پر جدید ہتھیاروں سے حملے کئے جس کے بعد دو ڈاکوؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید ڈاکوؤں کی گرفتاری کے حوالے سے کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :