کرد جماعت نے انقرہ دھماکوں کی ذمہ داری حکومت پر عائد کر دی

اتوار 11 اکتوبر 2015 09:07

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2015ء)ترک دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھیاسی ہو گئی ہے۔ دریں اثناء کرد جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک رہنما نے ترک حکومت پر دھماکوں کی ذمہ داری عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے ریاست نے عوام پر کیے ہیں۔ ہفتے کے روز ہونے والے دو دھماکوں کا نشانہ بائیں بازو اور کردوں کی ایک حکومت مخالف ریلی تھی۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ملک کی یک جہتی اور امن کے خلاف ایک کارروائی قرار دیا ہے۔ دھماکے ایک ایسے وقت کیے گئے ہیں جب ترکی میں اگلے ماہ عام انتخابات منعقد ہونا ہیں۔