آصف زرداری کی خیبرپختونخواہ میں پیپلز پارٹی، اے این پی اور جے یو آئی کے تین رکنی اتحاد کی مبارکباد، پارٹی کے صوبائی لیڈر ز PK-93 اپر دیر میں پارٹی کی فتح کی بنیاد پر اپنا سیاسی دائرہ کار وسیع سے وسیع تر کر یں،سابق صدر کا بیان

اتوار 11 اکتوبر 2015 08:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے خیبرپختونخواہ میں پاکستان پیپلز پارٹی، اے این پی اور جمعیت علمائے اسلام کے تین رکنی اتحاد کو مبارکباد دی ہے کہ انہوں نے PK-93 اپر دیر میں منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ثنااللہ کی حمایت کی اور انتخابات میں شاندار فتح حاصل کی۔

انہوں نے علاقے کی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹیاں اور بہنیں بڑی تعداد میں ووٹ دینے کے لئے نکلیں اور اپنا ووٹ دینے کا حق استعمال کیا جس کو کئی دہائیوں سے رجعت پسندوں نے روایات اور مذہب کے نام پرغصب کر رکھا تھا۔ اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے صاحبزادہ ثنا اللہ سے کہا کہ ان کی فتح ایک عظیم فتح ہے جس میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار کو شکست ہوئی ہے اور اس فتح پر مبارکباد کے حق دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواور کو کامیاب بنایا۔

(جاری ہے)

پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے کہا ہے کہ اس انتخاب کے نتیجے سے ہمیں چار سبق ملتے ہیں۔ پہلا تو یہ کہ پی پی پی ، اے این پی اور جے یوآئی کا اتحادصوبہ خیبرپختونخواہ میں بہترین سیاسی حکمت عملی ہے۔ دوسرا سبق یہ کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور دیگر پارٹیوں کی پی پی پی کے امیدوار کی حمایت سے ثابت ہوتا ہے کہ خود کو پاک صاف سمجھنے والی خیبرپختونخواہ کی حکومت کا یہ دعویٰ کہ صوبے کے عوام اس کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں غلط ثابت ہو گیا ہے۔

تیسرا سبق یہ ملتا ہے کہ بالآخر اپردیر کی خواتین نے رجعت پسندوں کی جانب سے ان کے غصب کردہ حق کو واپس لے لیا اور خود کو آزاد کر الیا ہے۔ چوتھا سبق یہ کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اپر دیر میں انتخابی فتح ان لوگوں کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے جو پاکستان پیپلز پارٹی کو ہر وقت تباہی سے تعبیر کرتی ہیں۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر خانزادہ خان ، سابق رکن صوبائی اسمبلی زمین خان اور انور خان کے علاوہ باچا صالح اور پارٹی کے ڈویژن اور ضلعے کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کے صوبائی لیڈروں سے کہا کہ وہ اس فتح کی بنیاد پر اپنا سیاسی دائرہ کار وسیع سے وسیع تر کریں۔