شمالی کوریا میں حکمران پارٹی کی70ویں سالگرہ پورے ملک میں جوش وخروش سے منائی گئی ، فوج کی خصوصی پریڈکا انعقاد بھی کیا گیا ، سپریم لیڈر کِم جونگ اْن نے فوج کے مارچ کرتے ہوئے دستوں سے سلامی لی، چینی وفد نے شمالی کوریا سے دیرینہ تعلقات قائم کرنے کا عزم ظاہر کردیا ، ہمارا ملک ملک ہر امریکی دھمکی اور خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، سپریم لیڈر شمالی کوریا

اتوار 11 اکتوبر 2015 09:12

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2015ء)جزیرہ نما کوریا کے کمیونسٹ ملک شمالی کوریا میں آج حکمران ورکرز پارٹی کی سترویں سالگرہ پورے ملک میں جوش وخروش سے منائی گئی مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، خصوصی پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شمالی کوریائی لیڈر نے چین کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔کمیونسٹ شمالی کوریا میں حکمران ورکرز پارٹی کے قیام کی سترویں سالگرہ کی دارالحکومت پیونگ یانگ میں اہتمام کردہ خصوصی تقریبات کی سب سے خاص بات آج منعقد کی جانے والی خصوصی فوجی پریڈ تھی۔

اس پریڈ کا اہتمام پیونگ یانگ سے گزرنے والے بڑے دریا ٹائیڈونگ کے ایک کنارے پر واقع بڑی شاہراہ پر کیا گیا۔ مرکزی اسٹیج کم اِل سْنگ اسکوائر میں تعمیر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی اسٹیج پر شمال کوریا کے سپریم لیڈر کِم جونگ اْن نے فوج کے مارچ کرتے ہوئے دستوں سے سلامی لی۔ کم اِل سْنگ موجودہ لیڈر کے دادا اور ورکرز پارٹی کے بانی تھے۔پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کِم جونگ اْن نے جہاں چین کے ساتھ خصوصی تعلقات پر اظہارِ خیال کیا وہاں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ملک ہر امریکی دھمکی اور خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ورکرز پارٹی کے انقلابی تصور میں موجود ہے کہ اس کے کارکن ہر قسم کی لڑائی کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں اور اگر امریکی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا، تو اس کا بھی پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ چین شمالی کوریا کا اہم ترین اتحادی ملک ہے اور شمالی کوریا کی کم و بیش تمام اقتصادی اور عسکری ضروریات کا خیال بھی بیجنگ حکومت کرتی ہے۔

تقریب کے لیے غیر ملکی صحافیوں کو خصوصی ویزے جاری کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ کئی ملکوں کے مہمان بھی موجود تھے۔ خاص طور پر چین کا ایک بڑا وفد بھی موجود تھا۔ اس وفد کی قیادت چینی کمیونسٹ پارٹی کے سینیئر رکن لیْو یْن شان کر رہے تھے۔ شمالی کوریائی لیڈر جب مرکزی اسٹیج پر سلامی کے لیے پہنچے، تو وہ لیْو یْن شان کو بھی اپنے ساتھ لیے ہوئے تھے۔

چینی رہنما کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کم جونگ اْن نے چین کے ساتھ شمالی کوریائی تعلقات میں مزید وسعت اور تقویت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ورکرز پارٹی کی سالگرہ کے موقع پر چین نے اپنے ہمسایہ ملک شمالی کوریا پر واضح کیا ہے کہ وہ اْس کے ساتھ مزید مضبوط اور قریبی تعلقات کا متمنی ہے۔ بیجنگ حکومت نے تعلقات کو مزید توانا کرنے کا اظہار ایک ایسے خط میں کیا ہے، جو کمیونسٹ کوریا کی قیادت کو پہنچایا گیا۔

چین کی جانب سے یہ خط کمیونسٹ شمالی کوریا میں حکمران ورکرز پارٹی کی سترویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ چینی اہلکار لیْو یْن شان نے پیونگ یانگ حکومت کو پہنچایا۔ چینی نیوز ایجنسی نے جمعے کے روز چینی صدر شی جِن پنگ کے ایک بیان کا حوالہ بھی دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بیجنگ حکومت شمالی کوریا کو خاص اہمیت کا حامل ہمسایہ ملک قرار دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :