ٹیلی ویژن کے سابق مزاحیہ فنکار جمی موریلز نے گوئٹے مالا کے صدر منتخب

منگل 27 اکتوبر 2015 09:39

گوئٹے مالا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء) سیاست میں پہلی بار قدم رکھنے والے ٹیلی ویژن کے سابق مزاحیہ فنکار جمی موریلز نے گوئٹے مالا کے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔سابقہ خاتون اوّل سینڈرا ٹورس جن کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق ملک کی غیر مقبول سیاسی اشرافیہ سے ہے کے مقابلے میں جمی موریلز نے 72 فیصد زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

موریلز کی کامیابی کے واضح نتائج کو دیکھتے ہوئے ٹورس نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کر لی تھی۔حالیہ انتخابات کا انعقاد صدر اوٹو پیریز مولینا کے استعفے کے ایک ماہ بعد کیا گیا ہے۔ ان پر سیاستدانوں اور کسٹم حکام پر مشتمل بدعنوانی کے گروہ کی سربراہی کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

تاہم سابق صدر نے کاروباری حضرات سے محصولات کی مد میں الزامات سے بچنے کے لیے رشوت لینے کے واقعات سے کسی بھی قسم کے تعلق سے انکار کیا ہے۔

ملک گیر مظاہروں کے نتیجے میں صدر پیریز مولینا کی عہدے سے برخواستگی کے بعد صدر منتخب ہونے والے موریلز کو ان کے ووٹرز ملک کے لیے ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد موریلز کا کہنا تھا کہ ’بطور صدر مجھے مینڈیٹ ملا ہے اور گوئٹے مالا کے عوام نے یہ اختیارات مجھے ان بدعنوانیوں کے خلاف دیے ہیں جو ہمیں اندر سے کھا رہی ہیں۔ خدا آپ پر کرم کرے اور آپ کا شکریہ۔‘گوئٹے مالا کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے رائے دہندگان کو باہر نکالنے کی کوششوں کے باوجود انتخابات میں ووٹوں کی تعداد بہت کم رہی۔