پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر کامیابی حاصل کرے گی،شہباز شریف ، کارکنوں اور جماعت کے سرکردہ رہنماؤں کے باہمی مشورے سے کارپوریشن ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں میئر اور چیئرمین نامزد کئے جائینگے ، عابد شیر علی اور ان کے والد چوہدری شیر علی سے ملاقات میں گفتگو

منگل 27 اکتوبر 2015 09:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر کامیابی حاصل کرے گی اور اس سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور جماعت کے سرکردہ رہنماؤں کے باہمی مشورے سے کارپوریشن ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں میئر اور چیئرمین نامزد کئے جائینگے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بات وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور ان کے والد سابق میئر و ایم این اے چوہدری شیر علی سے تفصیلی ملاقات میں کہی فیصل آباد میں چوہدری شیر علی نے جو خدمات مسلم لیگ (ن) اور پارٹی سربراہ میاں نواز شریف کیلئے سرانجام دی ہیں اس سے مسلم لیگ (ن) کے قائدین اور قیادت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے آن لائن سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کہ ان کی اور ان کے والد میئر گروپ کے قائد شیر علی کی وزیراعلیٰ سے ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی اور انہیں فیصل آباد کی سیاست اور جذبات سے آگاہ کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ پارٹی میں چند ایسے افراد جو مسلم لیگ (ن) کو نہ صرف نقصان پہنچانا چاہتے ہیں بلکہ پارٹی کے ان کارکنوں جنہوں نے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں کو نظر انداز کرکے پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے وزیراعلیٰ پنجاب میں اس موقع پر چوہدری شیر علی کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے انہیں ہدایت کہ وہ چوہدری شیر علی سے مل کر ان کی شکایات کا ازالہ کریں چنانچہ وزیراعظم کی ہدایت پر آپ سے استدعا ہے کہ آپ پارٹی کی فلاح وبہبود اور کارکنوں کو عزت دیتے ہوئے پاکستان کے تیسرے بڑے شہر میں مسلم لیگ (ن) اور میئر گروپ کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں میئر گروپ کے قائد چوہدری شیر علی و سابق میئر و ایم این اے نے آن لائن کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں ان کے تمام گلے شکوے دور ہوگئے ہیں اور وہ انتیس اکتوبر کو دھوبی گھاٹ میں جلسہ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کا ورکر کنونشن منعقد کرینگے جس میں لاکھوں کی تعداد میں مسلم لیگ نواز کے کارکن شرکت کرینگے