وفاقی ادارے سندھ پر حملہ آور ہورہے ہیں، قائم علی شاہ ،پتہ نہیں کیوں سندھ کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے، کرپشن پورے ملک میں ہورہی ہے لیکن کارروائیاں صرف سندھ میں ہورہی ہیں۔ وفاقی اداروں کی جانب سے سندھ میں ہونے والی کارروائیاں ناانصافی ہیں، یہ عمل بند ہونا چاہئے۔ مخدوم فہیم علیل ہیں، میں بھی وکیل ہوں، تھوڑا بہت قانون جانتا ہوں، عدالت سے استدعا ہے امین فہیم کی طبی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا کیس 2 ماہ کے لئے ملتوی کیا جائے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری فوری منسوخ کئے جائیں،وزیر اعلی سندھ کی امین فہیم کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت

منگل 27 اکتوبر 2015 09:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی ادارے سندھ پر حملہ آور ہورہے ہیں، پتہ نہیں کیوں سندھ کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جارہا ہے۔ کرپشن پورے ملک میں ہورہی ہے لیکن کارروائیاں صرف سندھ میں ہورہی ہیں۔ وفاقی اداروں کی جانب سے سندھ میں ہونے والی کارروائیاں ناانصافی ہیں۔

یہ عمل بند ہونا چاہئے۔ مخدوم فہیم علیل ہیں، میں بھی وکیل ہوں، تھوڑا بہت قانون جانتا ہوں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ مخدوم امین فہیم کی طبی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا کیس 2 ماہ کے لئے ملتوی کیا جائے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری فوری منسوخ کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کلفٹن میں نجی اسپتال میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم محمد امین فہیم کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مخدوم امین فہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مخدوم امین فہیم تاریخ ساز شخصیت کے مالک ہیں۔ امین فہیم انسان دوست آدمی ہیں۔ امین فہیم اس وقت علیل ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ اس صورت حال میں بھی عدالت کی طرف سے ان وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔

عدالت سے استدعا ہے کہ امین فہیم کے کیس پر نظر ثانی کرتے ہوئے 2ماہ کے لئے ملتوی کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ وفاقی ادارے سندھ پر حملہ آور ہوچکے ہیں۔ ان حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ ایسی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مخدوم امین فہیم کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جو آج زلزلہ آیا ہے اس سے ہونی والی تباہی پر افسوس ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے مخدوم امین فہیم کی عیادت کی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، نصرت بھٹو اور آصف علی زرداری اور اب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ جلد صحت یاب ہو کر ہمارے درمیان ہوں اور دوبارہ سے پارٹی کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ دریں اثناء جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مرزا اختیار بیگ اور علی احمد شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی مخدوم امین فہیم کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کی دعا کے ساتھ گلدستے بھی پیش کئے