گورنر سندھ کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ، گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ ، قدرتی آفت زلزلہ میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار

منگل 27 اکتوبر 2015 09:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اکتوبر۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گورنر و وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان سے قدرتی آفت زلزلہ میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیامت خیز زلزلہ ایک قومی سانحہ ہے، صوبہ سندھ کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی اور مشکل میں گھرے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں، حکومت سندھ متاثرہ علاقو ں میں ریلیف کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زلزلے کے فوری بعد پاک افواج کے بر وقت اقدامات قابل ستائش ہیں جسے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلادی ہے لیکن وفاقی و صوبائی حکومتیں اور پاک فوج اپنی عوام کے ساتھ مل کر اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 ء کے زلزلے کی طرح آج بھی قوم کا جذبہ مشکل میں گھرے بھائیوں کے لئے ایک بڑی امید ہے آج ہر پاکستانی افسردہ اور اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے بے قرارہے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی ۔