میزائلوں پر نظر رکھنے والے امریکی غبارے کا تجربہ ناکام

جمعہ 30 اکتوبر 2015 09:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2015ء)میزائلوں پر نظر رکھنے والے امریکی غبارے کا تجربہ ناکام ہوگیا، امریکی دارالحکومت کی حفاظت کے لئے کروڑوں ڈالر کی مدد سے تیار کردہ غبارہ اچانک زمین پر آگرا جسے نچلے درجے پر پرواز کرنے والے کروز میزائلوں اور ڈرون کی نشاندہی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔امریکی فضائیہ کے لیے تیار کردہ غبارہ ریتھیون کمپنی کی جانب سے تیار کیا گیا تھا جسے جوائنٹ لینڈ اٹیک کروز میزائل ڈیفینس ایلی ویٹڈ نیٹڈ سینسر سسٹم (جے ایل ای این ایس) کا نام دیا گیا ہے اور اسے مختصراً ’بلمپ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ غبارہ رسی ٹوٹنے کے بعد ریاست پینسلوانیہ کے شہر میری لینڈ میں ہارفورڈ کاوٴنٹی میں گرگیا ۔غبارے میں ہیلیئم بھری ہوتی ہے جو اسے 10 ہزار فٹ تک لے جاتی ہے، جس میں کئی طرح کے ریڈار نصب ہیں جو فضائی آنکھ کا کردار ادا کرتے ہوئے جس کی مدد سے پورے 360 درجے دائرے میں آپنے والے کسی بھی میزائل اور ڈرون کو سینکڑوں کلومیٹردوری سے دیکھا جاسکتا ہے اور اسے امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی حفاظت کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ ریتھیوں کمپنی کے مطابق یہ غبارہ 100 میل فی گھنٹے کی ہوا کو بھی برداشت کرسکتا ہے لیکن غبارے کو معلق رکھنے والے تار ٹوٹنے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔