عوام اپنے حقوق واپس لینے کیلئے سرکاری امیدوار ہرادیں، سائیکل پر مہر لگائیں ،پرویزالٰہی،لوگوں سے ہمارا صرف الیکشن نہیں خدمت اور دکھ سکھ میں ساتھ کا رشتہ ہے خواتین اپنی سیٹوں کی بحالی کیلئے ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں ،ہمارے بعد صوبہ میں کوئی کام نہیں ہوا، گجرات یونیورسٹی کے فنڈز روکنے اور وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو نہ کرنیوالے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں: گجرات میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب

جمعہ 30 اکتوبر 2015 09:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام اپنے حقوق واپس لینے کیلئے سرکاری امیدواروں کو ہرا دیں اور سائیکل پر مہر لگائیں، لوگوں سے ہمارا رشتہ صرف الیکشن کا نہیں خدمت اور دکھ سکھ میں ساتھ کا رشتہ ہے، ہمارے بعد گجرات سمیت پورے صوبہ میں کوئی کام نہیں ہوا اور 1122ریسکیو سروس، کارڈیالوجی ہسپتالوں، تعلیم و صحت، عوامی فلاح کے شعبوں میں شہبازشریف ہمارے منصوبوں جیسا ایک بھی منصوبہ سامنے نہیں لا سکے۔

وہ گجرات میں پرجوش بلدیاتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے نعروں کی گونج میں کہا کہ گجرات یونیورسٹی کے فنڈز روکنے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں، میری تختی کے باعث شہبازشریف نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو نہیں کیا اور 4ہزار مریض مار دئیے، شہبازشریف اور نوازشریف کے تین تین ادوار ہونے کے باوجود پنجاب نے اتنی ترقی نہیں کی جتنی میرے 5سالہ دور میں کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گجرات یونیورسٹی بند کرنے کی کوشش کی، ہم گجرات کو علی گڑھ بنائیں گے، انجینئرنگ یونیورسٹی بھی قائم ہو گی، شہبازشریف کے پاس عوامی فلاحی منصوبوں، تعلیم اور صحت کیلئے پیسے نہیں ہیں لیکن بلدیاتی اداروں کے سارے فنڈز بھی جنگلہ بس پر لگا دئیے ہیں، تمام مسلم لیگی متحد رہیں، 31اکتوبر کو پولنگ سٹیشنوں پر جائیں اور ن لیگ کی دھاندلی کو بے نقاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بھی امتحان ہے، ڈی سی او اور ڈی پی او مخالف امیدواروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، ہمارے امیدواروں پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، 77ء اور 2013ء کی دھاندلی کا ہم نے کھل کر مقابلہ کیا اب بھی کریں گے، آپ بھی اسی طرح اپنے مینڈیٹ کی حفاظت کریں۔ کسان پیکیج پر انہوں نے کہا کہ یہ سب فراڈ ہے، 2013ء، 2014ء اور 2015ء کے بجٹ میں کسانوں کیلئے رقم کیوں نہ رکھی گئی، جب ہم نے جلسے کیے، احتجاج کیا تو نوازشریف کو کسان یاد آ گئے، ان کی گڈ گورنینس کا یہ حال ہے کہ اب تو لوگ لاہور میں بھی محفوظ نہیں نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے، اس موقع پر حسنین اصغر امیدوار برائے چیئرمین یوسی 4، میاں فیض الحسن ناصر امیدوار برائے وائس چیئرمین، بیرسٹر صہیب اصغر نے بھی خطاب کیا جبکہ پی ٹی آئی گجرات کے کنوینر ملک اعجاز اور ارشد شریف نے مسلم لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

چودھری اعجاز شاہدولہ، چودھری حمزہ ناصر اقبال، سابق ناظم چودھری اصغر تیل والا اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی موجود تھے۔