پشاور ، نئی بس سروس کا اجراء، غیر ملکی ٹرانسپورٹ کمپنی”بولیفالس“کے نمائندوں کی ملک شاہ محمد وزیر کے ساتھ ملاقات

جمعہ 30 اکتوبر 2015 09:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و فنی تعلیم ملک شاہ محمد خان وزیر کے ساتھ جمعرات کے روز پشاور میں غیر ملکی ٹرانسپورٹ کمپنی”بولیفاس“کے نمائندے علی ارشد خان کاایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور میں نئی اور بین ا لاقوامی معیار کے مطابق بس سروس شروع کرنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ اس موقع پر کمپنی کے نمائندے علی ارشد خان نے مجوزہ بسوں کے ڈیزائن اور مجوزہ روٹوں پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور ساتھ ہی مجوزہ منصوبے کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کودور کرنے کے لئے باہمی مشاورت بھی کی گئی۔

غیر ملکی کمپنی کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور چاہتی ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر کے دکھائے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے موقع پر موجود سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کوواضح طور پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک عوامی مفادات کے حامل اس منصوبے کے جلد اجراء کے متمنی ہیں لہذا اس میں ذاتی دلچسپی لے کر اس کے لئے تمام قانونی تقاضوں کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں ایم او یو کے تمام قواعد و ضوابط کو مشتہر کرنے پر اتفاق ہواتاکہ صاف وشفاف طریقے سے مجوزہ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے اور نہ صرف عام لوگ معیاری بس سروس سے استفادہ کریں بلکہ بے ہنگم ٹریفک کے مسائل پر بھی کافی حد تک قابو پایاجاسکے۔اجلاس میں مذکورہ منصوبے کو صوبے کے دیگر بڑے شہروں تک پھیلانے پر بھی اتفاق ہوا۔

متعلقہ عنوان :