بھارت کا افریقی ممالک کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان،ڈیڑھ ارب بھارتیوں اور ڈیڑھ ارب افریقیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے،ہمارے نوجوان متحد ہیں،نریندر مودی کا بھارت افریقہ کانفرنس سے خطاب

جمعہ 30 اکتوبر 2015 09:39

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اکتوبر۔2015ء )بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے افریقہ میں تعمیراتی منصوبوں سے متعلق کانفرنس میں افریقی ممالک کے لیے 60 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔دہلی میں ہونے والی اس کانفرنس میں تقریباً 50 افریقی ممالک کے رہنماوٴں نے شرکت کی ہے۔بھارت اور افریقی ممالک کے درمیان 2007 کے بعد سے تجارتی حجم دوگنا ہو کر 72 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے لیکن اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

دہلی میں ہونے والے بھارت افریقہ فورم کا مقصد بھارت اور افریقہ کے درمیان روابط بڑھانا اور افریقہ کے خطے میں بھارت کی موجودگی ظاہر کرنا ہے۔اس اجلاس میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما، زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اور سوڈان کے عمر البشیر بھی شریک ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات ہیں کہ 1983 کے بعد سے بھارت میں افریقی رہنماوٴں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہے۔

کانفرنس سے ابتدائی خطاب میں مودی نے بھارت اور افریقہ کو ’عالمی معیشت میں اْمید کے دو اہم مقامات‘ قرار دیا ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ ’ڈیڑھ ارب بھارتیوں اور ڈیڑھ ارب افریقیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان متحد ہیں۔ دو تہائی افریقی اور بھارتی افراد کی عمر 35 سال سے کم ہے اور اگر مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے تو پھر اس صدی کی تعمیر ہمارے ہاتھوں میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ بھارت افریقہ کے ساتھ اپنی تاریخی کڑیاں جوڑنا چاہتا ہے جہاں نوآبادیاتی دور میں بڑی تعداد میں بھارت سے لوگ افریقی ممالک منتقل ہوئے اور وہاں کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا ہے۔بھارت افریقہ کے معدنی ذخائر میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ افریقی ممالک بھارت کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موبائل فونز کی صنعت سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔افریقی رہنماوٴں کی اس کانفرنس کے دوران مرکزی دہلی کا بڑی حصہ بند ہے۔ بدھ کی شام یہ رہنما سرکاری عشائیے میں شرکت کریں گے۔