وزارت داخلہ نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کر کے ظلم کی انتہا کی ہے ، یہ پختون کہیں سفر نہیں کر سکتے نہ اکائونٹ سے پیسے نکال سکتے ہیں ، پختونوں کے شناختی کارڈز فوری بحال کر کے انہیں بھی پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح جینے کا حق دیا جائے

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 23:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ فروری ء)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کر کے ظلم کی انتہا کی ہے ، یہ پختون کہیں سفر نہیں کر سکتے نہ اکائونٹ سے پیسے نکال سکتے ہیں ، ان پختونوں کے شناختی کارڈ فوری بحال کر کے انہیں بھی پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح جینے کا حق دیا جائے ۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ عجیب بات ہے کہ پشتو بولنے والے بھی باقی لوگوں کی طرح پاکستانی ہیں لیکن وزارت داخلہ کی طرف سے ہزاروں پختونوں کے شناختی بلاک کر دیئے گئے ہیں ، ان میں وہ پختون بھی شامل ہیں جو 60کی دہائی سے پاکستان میں آباد ہیں اور روس کی آمد سے کہیں پہلے کے پاکستان آئے ہوئے ہیں ، وزیراعظم سے بھی اس سلسلے میں ملاقات کی ، وزیرداخلہ چوہدری نثار سے بھی جرگے کے ہمراہ اس معاملے پر ملاقات کی لیکن ابھی تک اس معاملے پر کچھ نہیں کیا گیا ، یہ ہزاروں پختون بینک سے اپنے پیسے نہیں نکال سکتے ،کہیں سفر نہیں کر سکتے ، ان کو اپنی زندگی میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ، ان کا کیا قصورہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان پختونخوں کے کارڈ فوری طور پر بحال کئے جائیں اور انہیں پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرف جینے کا حق دیا جائے ۔ (ار)