اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ،جنرل قمر جاوید باجوہ

دہشتگرد افغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں پھر سے جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہمارے بہادرشہریوں ، فوج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابی کا اہم ستون ہے دشمن ایجنسیاں علاقائی امن و استحکام کے ساتھ کھیلنے سے باز رہیں، تحمل کی پالیسی کے باوجود جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں فوج عوام کی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ، آرمی چیف غلنئی میں دہشتگرد حملے کے دوران شہید ہونیوالوں کے ورثاء سے ملاقات ، لواحقین سے اظہار تعزیت

جمعرات 16 فروری 2017 20:04

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ فروری ء)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، دہشتگرد افغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں پھر سے جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہمارے بہادرشہریوں ، فوج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابی کا اہم ستون ہے ۔

فوج عوام کی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو مہمند اور باجوڑ ایجنسی کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے فوجیوں سے ملاقات کی اور قبائلی عمائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے گزشتہ روز غلنئی میں دہشتگرد حملے کے دوران شہید ہونیوالوں کے ورثاء سے بھی ملاقات کی ۔

انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے تعزیت کی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں بالخصوص لیویز کی کارکردگی کو سراہا جس کی کوششوں سے گزشتہ روز کے دہشتگرادنہ حملے میں انسانی جانوں کا کم سے کم نقصان ہوا ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے پاکستانی سر زمین پر سرحد پارافغانستان سے کئے گئے حملوں کا موثر جواب دینے پر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے بہادرشہریوں ، فوج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابی کا اہم ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد افغانستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں پھر سے جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمارے معاشرے میں شکوک اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ان کے مایوسانہ عزائم ناکام بنا دینگے ۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنی سر زمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور دوسروں سے بھی ایسی ہی توقع رکھتے ہیں ۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دشمن ایجنسیاں علاقائی امن و استحکام کے ساتھ کھیلنے سے باز رہیں ہم اپنی تحمل کی پالیسی کے باوجود جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاک فوج فاٹا میں سڑکوں ، صحت ، تعلیم اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پراجکٹس سمیت بنیادی ڈھانچے کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ فوج عوام کی امنگوں کے مطابق فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ اس موقع پر کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور فوج اور ایف سی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔