تحریک انصاف کا قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی میدان لگانے کا فیصلہ

جمعرات 16 فروری 2017 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ فروری ء) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی میدان لگانے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کو نئی ہدایات جاری کر دیں، تحریک انصاف آئندہ ہفتے محکمہ پولیس میں اصلاحات کا بل ایوان میں لائے گی، جسکے لئے دیگر پارلیمانی پارٹیز کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔

میاں محمود الر شید نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن سبطین خان ڈاکٹر مراد راس، احمد خان بچھڑ، آصف محمود، وحید ڈوگر، علی سلمان،سعدیہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، شنیلا روتھ و دیگر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نا اہلی ریفرنس پر ابتدائی مشاورت کر لی، اس سلسلے میں سپیکر کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس بلایا جائیگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے اور اہم فیصلے کئے جائیں گے تا ہم ابتدائی مشاورت میں اس بات پر حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ سپیکر جانبدارا نہ رہے تو اس رویے کیخلاف ایوان میں شدید احتجاج کیا جائیگا اور آئندہ اجلاسوں کا بائیکاٹ کیا جائیگا، اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی اور پارلیمنٹ کے باہر کی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شامل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

مزید برآں پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ ہم نے سپیکر کے روبرو اپنے مفصل دلائل پیش کر دئیے ہیں ۔ شوگر ملوں کے حوالے سے عدالتوں کے فیصلے آ چکے ہیں اور کوئی وجہ نہیں بنتی کہ سپیکر اس ریفرنس کو مسترد کر دیں اور اگر ایسا ہو اتو ہم اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے وکلاء عدالتوں میں دلائل دے چکے ہیں اور وہاں انہیں شکست ہوئی ۔ اگر سپیکر نے جانبدارانہ فیصلہ کیا تو اپوزیشن جماعتوں سے مل کر نہ صرف سڑکوں پر احتجاج کریں گے بلکہ اور آئندہ اسمبلی کا اجلاس بھی نہیں چلنے دیں گے۔