کراچی‘ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کرپشن کیس،نیب کو دلائل کیلئے مہلت دیدی

ہفتہ 4 مارچ 2017 21:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)کراچی کی احتساب عدالت نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف نیب ریفرنس میں ملزم مسعود حیدر جعفری کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے نیب کو،جبکہ ملزم اطہر حسین کے وکیل کو بریت کی درخواست پردلائل دینے کے لیے مہلت دیدی گئی،کراچی کی احتساب عدالت میں ہفتہ کلوسابق مشیرپیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی،462 ارب روپے کی کرپشن کیس میں ڈاکٹر عاصم، اطہر حسین، اعجاز چودھری اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزم اعجاز چودھری کو حاضری سے استثنا دیتے ہوئے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حق میں ہوں، تاہم انصاف کی فراہمی کے لیے عدالتی اصلاحات بھی ضروری ہیں۔دوسری طرف 17 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ڈاکٹر عاصم کے وکیل انور منصور طبیعت ناساز ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے۔