پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین اور کفیل کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ

ہفتہ 4 مارچ 2017 23:51

ملتان ۔04مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء)قائمقام کمشنر ملتان ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ پولیوکے خاتمہ کے لئے حکومت پنجاب نے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ٹھان رکھی ہے۔ بدقسمتی سے وطن عزیز دنیا کے واحد 3 ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس آج بھی موجود ہے گزشتہ سال ملک بھر میں پولیو کے 20 کیسز منظر عام پر آئے جو کہ حالات کی سنگینی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئے قوانین کے تحت پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین اور کفیل کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز 8 مارچ سے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہباز شریف ہسپتال میں بچوں کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد زاہد اور ایم پی اے عامر سعید انصاری سمیت محکمہ کے حکام بھی موجود تھے۔

قائم مقام کمشنر نادر چٹھہ نے کہا کہ 3 روزہ قومی پولیو مہم کے دوران 8 لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے 2 ہزار سے زائد ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیموں کو ضلعی حکومت کی جانب سے بھر پور سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی جبکہ جنرل بس سٹینڈ اور ریلوے سٹیشن سمیت تمام مقامات پر بھی خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے۔ نادر چٹھہ نے کہا کہ تمام محکمے پولیو کے خاتمہ کیلئے محکمہ صحت سے بھر پور تعاون کریں گے بعد ازاں پولیو مہم کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :