پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ میں ’’گو نواز گو‘‘ دھرنا دیا گیا

دھرنا شہر کے باغ جناح چوک پر دیا گیا،لاڑکانہ سمیت ڈویژن بھر کے تمام اضلاع سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین کارکنان کی شرکت

ہفتہ 6 مئی 2017 22:03

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء) پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ میں ’’گو نواز گو‘‘ دھرنا دیا گیا، دھرنا شہر کے باغ جناح چوک پر دیا گیا جس میں لاڑکانہ سمیت ڈویزن بھر کے تمام اضلاع سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی، دھرنے کی قیادت پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو، رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی، رکن صوبائی اسمبلی خورشید جونیجو سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اسی چوک پر کھڑے ہوکے کہا تھا کہ لاڑکانہ اور لاہور کے لیے الگ الگ فیصلے ہیں اس لیے آج ہم سندھ کی عوام سے ہمدردی کے طور پر بجلی، پانی اور گیس کی عدم دستیابی کے خلاف اور سندھ کو محرومیوں میں دھکیلنے والے وزیراعظم کو کرسی چھوڑنے کے لیے مجبور کرنے کے حوالے سے دھرنے دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں دو ججوں نے کھلے طور پر لکھا تھا کہ وزیراعظم نااہل ہیں اب روکا جا رہا ہے اگر اس بنیاد پر ایکشن اٹھانا ہے تو آؤ لوگوں کو روک کے دکھاؤ، آخر کتنے لوگوں کو سزا دو گے۔

(جاری ہے)

ہمیں اسی فیصلے کی امید تھی جو سنایا گیا، جے آئی ٹی تو پہلے بھی بن سکتی تھی پھر ایک سال کیوں ضائع کیا گیا قوم اور پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بولنے والے وزیراعظم کو کیوں برداشت کریں اسے کیوں موقع دیں کہ وہ ہماری بجلی، پانی اور گیس بند کرے، انہوں نے کہا کہ ہم بولنا نہیں چھوڑیں گے یہ ہمارا بنیادی حق ہے۔