ایف آئی اے کے ریگل چوک کے قریب واقع صوبائی دفتر کے باہر مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی

کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں پر آئے افراد اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑہوئے ، ملزمان تین موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہوگئے

جمعرات 18 مئی 2017 23:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ مئی ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ریگل چوک کے قریب واقع صوبائی دفتر کے سامنے نامعلوم افراد کی اچانک اندھا دھند فائرنگ سے شدید خوف ہراس پھیل گیا ، کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں پر آئے ہوئے افراد نے اپنی جانیں بچانے کیلئے دوڑیں لگادیں ، ایف آئی اے کی عمارت پرسکیورٹی پر تعینات پولیس بھی الرٹ ہوگئی ۔

ذرائع کے مطابق بھاٹی گیٹ کے رہائشی صفدر شاہ نے جنرل کونسلر یوسی 240حبیب اللہ چوہان کے بھانجے خلاف ایف آئی اے میں بیرون ملک بھجوانے کے فراڈ کے حوالے سے ایک درخواست دے رکھی تھی جس پرصفدر شاہ اور اس کے دیگر ساتھی ایف آئی اے بلڈنگ میں موجود دوسری پارٹی حبیب اللہ چوہان ، ثناء اللہ سے تقاضا کررہے تھے کہ ان کی رقم واپس دی جائے جس پر فیصلہ ہوا کہ حبیب اللہ چوہان کے بھانجے کو گرفتار کر کے اس سے رقم برآمد کر کے مدعی پارٹی کودی جائے گی اسی دوران صفدر شاہ اور اس کے دیگر ساتھی ایف آئی اے بلڈنگ کے باہر آگئے اور جونہی دوسری پارٹی کے حبیب اللہ چوہان اور ثناء اللہ ایف آئی اے کے ملازم احمد کے ہمراہ نکلے تو باہر کھڑے صفدرشاہ ، نسیم اور دیگر نامعلوم ساتھیوںنے ان پر اندھادھند فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس دوران قریب کھانے پینے کی دکانوں پر آئے ہوئے شہر ی اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ایف آئی اے کی عمارت پرتعینات سکیورٹی اہلکاروں کے الرٹ ہوتے ہی ملزمان اپنی تین موٹر سائیکلیں موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے تینوں موٹرسائیکلیں جن میں دو دوہنڈا ون ٹو فائیو اورایک ہنڈا 70اپنے قبضے میں لے لی اور موقع پر سے گولیوں کے خول اکٹھا کر کے تفتیش شروع کردی ۔اس حوالے سے جنرل کونسلر یوسی 240حبیب اللہ چوہان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے میرے بھانجے کے خلاف ایف آئی اے میں ایک درخواست دے رکھی تھی جس کی پیروی کے لئے میں اور میرا دوست آئے ہوئے تھے جبکہ دوسری طرف سے صفدر شاہ ،نسیم حسن اور دیگر نامعلوم افرادایف آئی میں آئے ہوئے تھے معاملات حل ہونے کے بعد صفدر شاہ اور اس کے ساتھ پہلے ہی نکل گئے جیسے ہی میںاورمیرے ساتھی اور ایف آئی اے کا ایک ملازم احمد باہر نکلے تو باہر انتظارمیں کھڑے ملزمان نے جدید اسلحہ سے ہم پر فائرنگ کردی ۔

انہوںنے بتایا کہ فائرنگ کرنے والوںمیں سات سے آٹھ افراد شامل تھے ۔حبیب اللہ نے اپنے اوپر فائرنگ کی متعلقہ تھانے میںدرخواست دیدی ۔

متعلقہ عنوان :