ہم ووٹ کے تقدس اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑتے رہیں گے، عوام کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی، عوام جسے چاہیں گے وہ ہی ملک کا سربراہ بنے گا اور عوام کا فیصلہ ہے کہ محمد نواز شریف نے ہی ملک چلانا ہے‘ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرنے والے عمران خان اشتہاری ہیں

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 24 ستمبر 2017 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر ستمبر ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم ووٹ کے تقدس اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑتے رہیں گے، عوام کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی، عوام جسے چاہیں گے وہ ہی ملک کا سربراہ بنے گا اور عوام کا فیصلہ ہے کہ محمد نواز شریف نے ہی ملک چلانا ہے، محمد نواز شریف زور زبردستی یا وردی کے بل بوتے پر نہیں آئے بلکہ عوام کے ووٹوں سے آتے رہے ہیں اور آتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرنے والے عمران خان اشتہاری ہیں، دوسری بات یہ کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ کے پی کے میں حکومت بھی کر رہے ہیں اس لیے اگر انہیں قبل از وقت انتخابات کا اتنا ہی شوق ہے تو کے پی کے کی حکومت توڑ کر انتخابات کروالیں انہیں عوام کے موڈ کا بھی پتہ چل جائیگا اور انتخابات کے نتائج کا بھی، طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 120کے نتائج قوم کے سامنے ہیں، عوام سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے شدید محبت کرتے ہیں اور محمد نواز شریف قوم کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تو کافی عرصہ سے ہر ماہ حکومت کا آخری ماہ قرار دیتے آئے ہیں مگر یہ صرف ان کی خواہش ہی رہے گی، محمد نواز شریف تو 2018ء کے بعد بھی نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کو لیڈ کرینگے بلکہ پاکستان کو بھی لیڈ کرینگے کیونکہ عوام ان کے ساتھ ہے۔