انتظار قتل کیس، وزیراعلیٰ سندھ نے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی

پیر 12 فروری 2018 21:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 فروری 2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے انتظار احمد جوکہ 13 جنوری2018 ء کو سی ویو پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے، کے والدکی درخواست پر جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے جوکہ اس قتل کے مقدمے کی تفتیش و تحقیقات کرے گی۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اشتیاق احمد اپنے وکیل اور بھائی کے ہمراہ وزیر اعلی ہائوس کے گیٹ نمبر 2 پر پہنچے اور انہوں نے وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کی درخواست کی۔

جس پر وزیر اعلی سندھ نے ان سے ملاقات کی اور ان کی درخواست پر انہوں نے سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز کو ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کے تحت جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک گھنٹے کے اندر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

سیکریٹری داخلہ نے نوٹیفکیشن نمبر (LE-I)HD/08-04/2018(JIT)جاری کیا جس کے تحت ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کی سربراہی میں ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈی آئی جی سائوتھ ، آئی ایس آئی کے نمائندے، آئی جی کے نمائندے، پاکستان رینجرز، اسپیشل برانچ اور ایم آئی کا نمائندہ شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور15 دن میں اپنی رپورٹ ضروری کارروائی کے لئے محکمہ داخلہ کو پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :