نواز شریف کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی

ن لیگ کے صدر شہباز شریف انتخابی سرگرمیاں ملتوی کرکے والدہ کے پاس پہنچ گئے

پیر 16 جولائی 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 جولائی 2018ء) نواز شریف کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی، ن لیگ کے صدر شہباز شریف انتخابی سرگرمیاں ملتوی کرکے والدہ کے پاس پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی طبیعت اچانک بہت بگڑ گئی ہے۔ نواز شریف کی والدہ کی طبیعت بگڑنے کے باعث ن لیگ کے صدر شہباز شریف انتخابی سرگرمیاں ملتوی کرکے والدہ کے پاس پہنچ گئے ہیں۔

جبکہ ڈاکٹرز کو بھی فوری شریف خاندان کی رہائش گاہ طلب کر لیا گیا ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ اس وقت جاتی امراء کی رہائش گاہ میں موجود ہیں اور اپنے صاحبزادے کی گرفتاری کے باعث شدید صدمے سے دوچار ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اسی باعث نواز شریف کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز نواز شریف کی والدہ شمیم اختر نے جاری کیے گئے ایک پیغام میں مطالبہ کیا تھا کہ انہیں بھی ان کے بیٹے کیساتھ جیل میں ڈال دیا جائے۔

شمیم اختر کا موقف ہے کہ ان کے بیٹے نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شمیم اختر 2 روز قبل اپنے بیٹے سے ملتے وقت بہت جذباتی ہو گئی تھیں۔ جب ملاقات کا وقت ختم ہوا تو انہوں نے اڈیالہ جیل سے جانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ نواز شریف کے ساتھ رہیں گی یا نواز شریف کو رہا کیا جائے۔ اس صورتحال میں بیگم شمیم اختر کو جیل سے زبردستی لے کر جانا پڑا۔

واضح رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل پہنچا دئیے گیا تھا۔اس موقع پر انکی والدہ سے انکی ملاقات متوقع تھی تاہم بعد میں ملاقات نہ کروائی جاسکی۔ اسی باعث بعد ازاں شہباز شریف نے اپنی والدہ کے ساتھ ہفتے کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔