بحرین میں کورونا وائرس کے 241 مریض ایران سے واپس آئے تھے

مملکت میں مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی گنتی 569 ہو گئی ہے، 4 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 اپریل 2020 11:56

بحرین میں کورونا وائرس کے 241 مریض ایران سے واپس آئے تھے
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل 2020 ء) بحرینی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے 241 تصدیق شدہ مریض ایران سے آئے تھے۔ وزارت کے مطابق بحرین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 569 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 4 افراد اس موذی مرض سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے مزید بتایا کہ گذشتہ ماہ خطے میں کرونا وائرس سے سب سے متاثرہ ملک ایران سے اپنے 165 شہریوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے منامہ منتقل کیا تھا۔

ان میں 77 شہریوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔بحرین میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مزید 112 مریض بھی بیرون ملک سے لوٹے تھے۔ ان میں 57 افراد برطانیہ سے آئے تھے، 12 مصر ، جرمنی اور عراق سے آٹھ آٹھ اور 27 مختلف ممالک سے آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس ننھی خلیجی عرب ریاست نے اب تک اس مہلک وائرس کے 569 کیسوں کی تصدیق کی ہے اور چار اموات کی اطلاع دی ہے۔

بحرین نے گذشتہ ماہ ایران پر”حیاتیاتی جارحیت“ کا الزام عاید کیا تھا اور کہا تھا کہ اس نے کرونا وائرس پھیلنے کی معلومات کو چھپایا ہے اور بحرین سے جانے والے مسافروں کے پاسپورٹس پر مہریں بھی نہیں لگائی تھیں۔واضح رہے کہ بحرین دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا کی دوا ہائیڈراکسی کلوروکوین کا استعمال شروع کیا تھا۔

بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے کا کہنا ہے کہ جن مریضوں کو کووِڈ- 19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہائیڈراکسی کلوروکوین کی خوراک دی گئی ہے،ان پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ بحرینی حکومت نے25 فروری کو کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں اور جامعات کو بند کردیا تھا اور اس کے بعد مساجد میں نمازوں کی پابندی پر بھی عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں