اسرائیلی وزیر خارجہ کی کسی عرب ملک کے پہلے دورے پر بحرین آمد

عرب ممالک کے ساتھ تجارتی راہداری بنانے کی خواہش ظاہر کردی‘ منامہ کے ساتھ آزاد تجارتی زون کے قیام کے معاہدے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 ستمبر 2023 15:55

اسرائیلی وزیر خارجہ کی کسی عرب ملک کے پہلے دورے پر بحرین آمد
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 ستمبر 2023ء ) اسرائیل نے بحرین کے ساتھ آزادانہ تجارت کی خواہش ظاہر کردی، اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ منامہ کے اپنے پہلے دورے کے دوران اسرائیل اور بحرین کے درمیان آزاد تجارتی زون کے قیام کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ بحرینی اخبار الایام کے مطابق ایلی کوہن نے کہا ہے کہ ہم آزاد تجارتی زون کے معاہدے پر دستخط اور اسرائیل و بحرین کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے منتظر ہیں، دورے کا مقصد اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں معاہدوں کو مضبوط کرتے ہوئے دوستی کی تعمیر، وسعت اور گہرائی کو جاری رکھنا ہے، میرا وژن مشرق وسطیٰ ہے جس میں لوگ امن اور سلامتی کے ساتھ رہتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے کی معاشی خوشحالی، ملازمتوں کے مواقع کو یقینی بنانے اور ایک نئی حقیقت پیدا کرنے پر زور دیا جائے، ہم تاریخ کی تجدید اور تعلقات کے فوائد پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارتی راہداری بنانے کی خواہش رکھتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید ممالک ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

فلسطینی ریاست کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چیلنج کرتے ہوئے، جسے عرب دنیا میں اسرائیل کے ساتھ مکمل امن کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، کوہن نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں اسرائیل سے زیادہ فلسطینیوں کے ساتھ مسئلہ ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا، میں سمجھتا ہوں کہ عرب ممالک کو امن کے دائرے میں شامل کرنے سے فلسطین اسرائیل تنازع کے حل تک پہنچنے کے امکانات میں بہتری آئے گی۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں