پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کا عزم

دونوں ممالک نے اتحاد کے فروغ اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر اتفاق کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اکتوبر 2023 12:50

پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کا عزم
اسلام آباد/منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2023ء ) نگران وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ مسلم ممالک کو عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں سے امت کا ایک سافٹ امیج پیش کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر برائے مذہبی امور بحرین کی پارلیمنٹ کے رکن اور سابق سپیکر شیخ عادل بن عبدالرحمن المعودہ سے گفتگو کر رہے تھے، شیخ المعودہ نے انیق احمد کے علاوہ پاکستانی علماء بشمول مولانا ابو تراب، مولانا عتیق الرحمان شاہ کشمیری، پروفیسر سجاد قمر اور مولانا حافظ مقصود احمد سے بھی ملاقات کی، اپنی بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے اندر اتحاد کو فروغ دینے، مشترکہ مسائل کو حل کرنے اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بنیاد قرآن و سنت میں پیوست ہے، مسلم ممالک کو اسلام کی تعلیمات کو ظاہر کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے، بحیثیت مسلمان اپنے اعمال کو قرآنی رہنمائی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا اور اسلامی اقدار کو دنیا میں فروغ دینا بہت ضروری ہے، بہت سے نوجوان قرآنی تعلیمات کے تحت عصری مسائل کا حل تلاش نہیں کر رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر شیخ المعودہ نے اسلام کے نام پر قائم ہونے والی واحد مملکت کے طور پر پاکستان سے اپنے ملک کی گہری محبت کا اظہار کیا، انہوں نے اسلامو فوبیا کے تاریخی واقعات اور جہالت کے پردے کو ہٹا کر اسلام کے بارے میں دنیا کے تصور کو تبدیل کرنے کی ضرورت کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بتدریج تعلیمی اداروں میں مذہبی تعلیم کو شامل کرنا اور اسلام کے پیغام کو نرم اور معلوماتی انداز میں پھیلانا ضروری ہے، شیخ المعودہ نے انیق احمد کو دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بحرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ ملاقات پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس کا حتمی مقصد اتحاد کو فروغ دینا، اسلامی اقدار کو فروغ دینا اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں