بحرین میں خلیجی خطے میں سستی ترین موبائل فون سروسز

خلیجی ملک میں 100فیصد رہائشیوں کو انتہائی تیز براڈ بینڈ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 اگست 2023 12:55

بحرین میں خلیجی خطے میں سستی ترین موبائل فون سروسز
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2023ء ) بحرین کو خلیجی خطے میں سب سے سستی موبائل فون سروسز فراہم کرنے والا ملک قرار دے دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق تازہ ترین عرب پرائس بینچ مارکنگ رپورٹ میں بحرین کے عرب خطوں میں سب سے زیادہ مسابقتی ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹس میں سے ایک کے طور پر انتہائی سستی فائبر براڈ بینڈ کے طور پر تصدیق کی گئی ہے، رپورٹ میں ملک کی ٹیلی کام خدمات کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک اور وسیع عرب دنیا دونوں میں سب سے زیادہ مسابقتی قیمتوں میں سے ایک کے طور پر نمایاں کیا گیا ہے، جس سے پتا چلا ہے کہ بحرین میں 2021ء اور 2022ء کے درمیان فکسڈ براڈ بینڈ کی قیمتوں میں 18.6 فیصد اور موبائل براڈ بینڈ کی قیمتوں میں 16 فیصد کمی ہوئی، جو براڈ بینڈ مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینے میں بحرین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کی کوششوں سے ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ FTTH کونسل یورپ کی طرف سے شائع کردہ 2023ء فائبر ٹو دی ہوم (FTTH) براڈبینڈ گلوبل رینکنگ میں بحرین فائبر کی رسائی میں دنیا بھر میں سرفہرست 20 ممالک میں شامل ہے، اس کے علاوہ 2021ء اور 2022ء کے درمیان 58.5 فیصد تک کمی کے ساتھ بحرین میں موبائل کی قیمتیں جی سی سی میں سب سے زیادہ سستی ہیں، اس اہم کمی کی وجہ کم قیمتوں اور بہتر فوائد کی پیشکش کرنے والے نئے موبائل پیکجز کا متعارف کرایا جانا ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ بحرین کی ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جہاں 2021ء و 2022ء کے درمیان فائبر براڈ بینڈ سبسکرپشنز میں 7.6 فیصد اور فکسڈ براڈ بینڈ ڈیٹا کے استعمال میں 7 فیصد اضافہ ہوا، تمام رہائشی اب فائبر براڈ بینڈ خریدنے کے قابل ہیں اور جون 2023ء تک 68 فیصد گھرانوں کے پاس فائبر کنکشنز ہیں اور 42 فیصد گھرانوں کے پاس وائرلیس ہوم براڈ بینڈ (5G) ہے، جس کا مطلب ہے بحرین میں تمام گھرانوں کو انتہائی تیز براڈ بینڈ سروسز تک رسائی حاصل ہے اور بحرین میں 100 فیصد لوگ انٹرنیٹ خدمات کا استعمال کرتے ہیں۔

اس حوالے سے بحرین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے جنرل ڈائریکٹر فلپ مارنک نے کہا ہے کہ ایک مسابقتی مارکیٹ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ صارفین اور کاروبار مناسب قیمتوں پر اپنی مطلوبہ خدمات حاصل کریں، تازہ ترین عرب بینچ مارک رپورٹ میں ہماری نمایاں پوزیشن اور مسابقتی قیمتوں کی تصدیق ہوئی ہے، بحرین کے صارفین ڈیجیٹل سوسائٹی میں شامل ہونے کے لیے درکار ضروری خدمات کے لیے کم ترین قیمتوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اسی لیے بحرین میں ہر کوئی انٹرنیٹ استعمال کر رہا ہے اور ہم سب انتہائی تیز براڈ بینڈ سروسز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں انڈسٹری کے شراکت داروں کی طرف سے کی گئی اجتماعی کوششوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، جیسا کہ فائبر رول آؤٹ اور فائبر سروس کو اپنانے کے لیے عالمی سطح پر سرفہرست 20 ممالک میں ہماری درجہ بندی سے ظاہر ہوتا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں