بحرین کا ہفتے میں 3 روزہ تعطیلات پر غور

جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی سے نجی زندگی اور ملازمت میں توازن پیدا ہوگا۔ اراکین پارلیمنٹ کی تجویز

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 17:31

بحرین کا ہفتے میں 3 روزہ تعطیلات پر غور
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) خلیجی ملک بحرین میں ہفتے میں 3 روزہ تعطیلات پر غور شروع کردیا گیا۔ گلف ڈیلی نیوز آن لائن کے مطابق بحرین کی پارلیمنٹ کے پانچ ممبران حمد العلیوی، حمد الدوری، احمد قراطہ، محمد البلوشی اور بدر التمیمی نے ہفتے میں 3 دن چھٹیوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی دی جائے، اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ محمد العلیوی کا اپنی تجویز کے دلائل میں کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، ٹیکنالوجی وسائل کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شارجہ میں پہلے ہی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 3 روزہ تعطیلات کا نظام پہلے ہی رائج ہے جہاں ہر ادارے کے پاس اختیار ہے کہ وہ جمعے کے دن کی ڈیوٹی کے اوقات حسب ضرورت بقیہ دنوں میں شامل کرسکتے ہیں جب کہ بحرین بھی ایک اسلامی ملک ہے اور اسلامی ریاستوں میں اپنے رسم و رواج ہیں جہاں جمعے کا دن نا صرف ہمارے معاشرے میں اہم ہے بلکہ پوری مسلم دنیا اس روز کو سماجی اور مذہبی معاملات سے جڑی رہتی ہے جن کی وجہ سے ملازم کے لیے جمعہ کے دن ڈیوٹی کرنا مشکل ہے، جمعہ کے روز چند گھنٹے کی ڈیوٹی بھی ملازمین پر منفی اثر ڈالتی ہے، جس کی وجہ سے جمعے کو ڈیوٹی کا فائدہ کم نقصان زیادہ ہوگا۔

(جاری ہے)

محمد العلیوی کہتے ہیں کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز چھٹی کی جاسکتی ہے، ایسا کرنے سے ملازمین کی نجی زندگی اور ان کی ملازمت میں توازن پیدا ہوگا، 3 روزہ تعطیلات کے باعث ملازمین مزید وقت اپنے اہل و عیال کے ساتھ گزار سکیں گے، جس کے باعث وہ ہفتے کے باقی دن زیادہ تندہی سے کام کریں گے، جس سے ملک میں خوشحالی کا معیار بلند ہوگا، ملازمین گلوبلائزیشن کے اس دور میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے ماحول میں سماجی رسم و رواج برقرار رکھ سکیں گے، بچوں اور نئی نسل پر ٹیکنالوجی انقلاب کے منفی اثرات سے بھی ہفتے میں 3 دن کی چھٹیاں کرکے بہتر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں