بحرین جانے والے پاکستانیوں کے لیے مزید سفری سہولت

گلف ایئر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 اگست 2023 10:45

بحرین جانے والے پاکستانیوں کے لیے مزید سفری سہولت
اسلام آباد/منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2023ء ) بحرین جانے والے پاکستانیوں کو مزید سفری سہولت میسر آگئی کیوں کہ خلیجی ملک کی قومی فضائی کمپنی گلف ایئر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے اپنی پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 2015 میں صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور فیصل آباد کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے والی بحرین کی قومی ایئرلائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں اپنے فلائٹ آپریشنز میں اضافے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد بن ثمر الکعبی نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے دوران اس کا اعلان کیا، یہ ملاقات اسی ہفتے اسلام آباد میں ہوئی۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ وزرا نے اتفاق کیا کہ ابتدائی طور پر گلف ایئر اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں اپنے فلائٹ آپریشنز میں اضافہ کرے گی اور بہت جلد کوئٹہ کے لیے بھی گلف ایئر کے فلائٹ آپریشن کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ چارٹرڈ پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، اس کے علاوہ ملاقات میں فریقین نے فضائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے اور گلف ایئر کے درمیان کوڈ شیئرنگ کے بارے میں بھی بات چیت کی۔                                               

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں