سعودی یمنی سرحد پر حوثیوں کا ڈرون حملہ‘ 2 بحرینی فوجی جاں بحق

حملے کا نشانہ بننے والے دونوں فوجی یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف بنے عرب اتحاد میں شامل تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 ستمبر 2023 10:50

سعودی یمنی سرحد پر حوثیوں کا ڈرون حملہ‘ 2 بحرینی فوجی جاں بحق
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب اور یمن کے سرحدی علاقہ میں حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں 2 بحرینی فوجی جاں بحق ہوگئے۔ العربیہ نیوز کے مطابق یمن اور سعودی عرب کے درمیان سرحد پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے ایک ڈرون حملے میں بحرین کے 2 فوجی جاں بحق ہوگئے، اس سلسلے میں بحرینی فوج نے ایک بیان میں ان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی این اے نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے دونوں فوجی یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف بنے عرب اتحاد میں شامل تھے، دونوں فوجی سعودی عرب کی جنوبی سرحدوں کے دفاع کے دوران حملے میں جاں بحق ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر تعینات بحرینی افواج کے خلاف مسلح ڈرون سے حملہ کیا جو یمن میں متحارب فریقوں کے مابین فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے باوجود ہوا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے بھی جنوبی سرحد کے قریب بحرین کے فوجیوں پر حملے کی مذمت کی ہے، اس ضمن میں سعودی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ سعودی جنوبی سرحد پر تعینات بحرینی فوجیوں کو نشانہ بنانے والا غدارانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے 2015ء میں حوثی باغیوں کے خلاف یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت کی لیکن گذشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے متحارب فورسز کے درمیان مجموعی طور پر جنگی کارروائیاں روک دی گئی ہیں کیوں کہ ان دنوں فریقین کے درمیان امن عمل کی بحالی کے لیے مذاکرات کا عمل جاری ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں