بحرین میں مزید 161 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، گنتی 870 تک جا پہنچی

وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں 156 غیر ملکی کارکن ہیں،مزید 54 مریض صحت یاب ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اپریل 2020 12:18

بحرین میں مزید 161 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، گنتی 870 تک جا پہنچی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2020 ء) بحرین میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید161 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس خلیجی ریاست میں موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی870 ہو گئی ہے۔ وزارت کے مطابق نئے تصدیق شدہ مریضوں میں سے 156 تارکین وطن ہیں،جبکہ 5 مریض بحرینی باشندے ہیں۔ زیادہ تر افراد پہلے سے متاثرہ افراد سے میل جول کے باعث اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

و زارت صحت کے مطابق مزید 54 افرادشفا یاب ہو گئے،اس طرح کرونا وائرس کے مجموعی طور پر645 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 7 مریض کورونا کے باعث وفات پا چکے ہیں جبکہ 3581 مشتبہ مریضوں کے گزشتہ روز ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بحرین دُنیا کے ان اوّلین ممالک میں شامل ہے جنھوں نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں اور لاک ڈاوٴن میں نرمی کردی ہے۔

(جاری ہے)

بحرین کی وزارت صنعت وتجارت اور سیاحت کے اعلان کے بعد گزشتہ جمعرات کو شاپنگ مالز اور بعض بڑے اسٹور دوبارہ کھل گئے ہیں لیکن ان سے کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔وزارت نے اپنے اعلان میں کہا کہ دکان داروں اور صارفین کو اسٹور میں موجود رہنے کے دوران میں چہرے پر ماسک پہننا ہوں گے۔پرچون فروش دکانوں میں ایک وقت میں محدود تعداد میں گاہکوں کو دکان کے اندر آنے دیں اور وہ اپنی دکانوں کو وائرس سے پاک رکھنے کے لیے وقفے وقفے سے جراثیم کش سپرے کرتے رہیں۔

بحرین کی سرکردہ پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی السیف پراپرٹیز نے اپنے منامہ میں واقع تین مجمع السیف (سیف مال) میں واقع تمام اسٹور اور دکانیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بحرین دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا کی دوا ہائیڈراکسی کلوروکوین کا استعمال شروع کیا تھا۔بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے کے مطابق جن مریضوں کو کووِڈ- 19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہائیڈراکسی کلوروکوین کی خوراک دی گئی ہے،ان پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں