بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی

ابتدائی مرحلے میں کورونا کے خلاف لڑنے والے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 نومبر 2020 16:38

بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4نومبر 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا ویکسین کا ٹرائل کی بنیاد پر استعمال شروع ہو گیا ہے۔ جس کے بعد اب ایک اور خلیجی ملک بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ بحرینی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت میں پہلے مرحلے میں کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

تاکہ انہیں اس موذی بیماری کے مضر اثرات سے ممکنہ حد تک بچایا جا سکے۔ بحرین کی وزیر صحت فائقہ صالح نے اعلان کیا ہے کہ بحرین میں کورونا کی ویکسین کاایمرجنسی استعمال ملکی قوانین اور شریعت کے عین مطابق ہے۔ جو کہ ہنگامی حالات میں اس ویکسین کے استعمال کی اجازت دیتے ہیں۔ گزشتہ ماہ بحرین میں چینی فرم کی تیار کردہ اینٹی کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے رضاکاروں پر حوصلہ افزا نتائج سامنے آنے کے بعد اب اس کے استعمال کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ امارات میں بھی اماراتی وزراء نے یہ ویکسین لگوائی ہے۔ گزشتہ روز دُبئی کے فرمانروا اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم و نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی کورونا کی ویکسین لگوالی۔ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شیخ محمد نے کورونا ویکسین لگوانے کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے ”آج کووڈ 19 کی ویکسین لگوالی ہے۔

ہم سب لوگوں کے لیے صحت مندی اور محفوظ رہنے کی دُعا کرتے ہیں۔ اور ہمیں اپنی (میڈیکل) ٹیموں پر فخر ہے جن کی انتھک محنت کے باعث امارات میں آج ویکسین دستیاب ہے۔ یو اے ای کا مستقبل ہمیشہ بہترین ہو گا۔“گزشتہ ماہ کے دوران اماراتی وزیر برائے خارجہ و بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے بھی تجرباتی کورونا ویکسین لگوائی تھی۔ شیخ النہیان نے ویکسین لگوانے کے موقع پر اپنی ایک تصویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ”نارمل زندگی کی طرف لوٹنے کا واحد راستہ کورونا کی ویکسین لگوانا ہی ہے۔“ ستمبر میں اماراتی حکومت کی جانب سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے کورونا ویکسین کے فوری استعمال کی منظوری دی تھی۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں