کورونا کی بلاایک ہی گھر کے چار افراد کو کھا گئی

بحرین میں کورونا سے متاثرہ خاتون اور اس کی تین بیٹیاں ایک ہفتے کے اندر اللہ کو پیاری ہو گئیں ، خاندان بھر میں ماتم کا سماں ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جون 2021 13:44

کورونا کی بلاایک ہی گھر کے چار افراد کو کھا گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جون2021ء) کورونا کی وبا سے اب تک دُنیا بھر میں 38 لاکھ سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اس وبا نے دُنیا بھر میں مصائب اور مشکلات کی ایسی ایسی ناقابل یقین داستانوں کو جنم دیا ہے کہ لوگ انہیں سُن کر زار و قطار رو پڑتے ہیں۔ کئی گھرانے ایسے بھی ہیں جن کے تمام افراد اس موذی وبا کے ہاتھوں اجل کا لقمہ بن گئے ہیں۔

اس موذی وبا نے خلیجی ریاست بحرین میں بھی ایک خاندان کا صفایا کر ڈالا ہے۔ بحرینی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بحرینی گھرانے کے چار افراد چند روز کے وقفے سے اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں۔ تفصیلات ے مطابق صرف ایک ہفتے کے اندر بحرینی خاتون اور اس کی تین بیٹیاں اس موذی وبا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئیں۔ اس واقعے نے بحرینی عوام کو شدید سوگوار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل دو بہنیں حنان سعید الرویعی اور ھیا سعید الرویعی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔ خاندان والے ان دو کم سن بیٹیوں کی ناگہانی موت کا دُکھ جھیل رہے تھے کہ ان بدنصیب بہنوں کی والدہ ثاجیہ الانصاری بھی کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کے بعد چل بسیں ۔ جس کے بعد خاندان کا سوگ اور بڑھ گیا۔ پھر بھی انہیں اُمید تھی کہ اس گھرانے کی سب سے چھوٹی بیٹی رقیہ الرویعی ضرور کورونا سے شفایاب ہو جائے گی۔

مگر خاندان بھر میں اس وقت ماتم برپا ہو گیا جب یہ چھوٹی بیٹی بھی کورونا کے خلاف زندگی کی جنگ لڑتے لڑتے گزشتہ روز اللہ کو پیاری ہو گئی۔ ایک ہی گھرانے میں چار خواتین کی موتوں نے بحرین میں فضا سوگوار کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان بدنصیب خواتین کے لواحقین سے بھرپور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور مرحومین کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لیے دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ بحرین میں کورونا کی وبا سے اب تک 1,221 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ 12,931 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 299 کی حالت تشویش ناک ہے۔ صحت یاب ہونے والوں کی گنتی 2,44,579 بتائی گئی ہے۔ 

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں