تعلقات کی بحالی کے بعد اسرئیلی وزیر خارجہ کا تاریخ میں پہلی بار بحرین کا دورہ

یائر لیپڈ بحرینی ہم منصب سے ملاقاتوں اور اسرائیل کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں جو کسی بھی سینئر اسرائیلی عہدیدار کا خلیجی ریاست کا پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 ستمبر 2021 12:18

تعلقات کی بحالی کے بعد اسرئیلی وزیر خارجہ کا تاریخ میں پہلی بار بحرین کا دورہ
منامہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) بحرین کی طرف سے تسلیم کیے جانے اور تعلقات کی بحالی کے بعد اسرئیل کے وزیر خارجہ تاریخ میں پہلی بار خلیجی ملک کے دورے پر منامہ پہنچ گئے ، اسرائیلی کابینہ کے کسی رکن کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ عرب نیوز کے مطابق اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ جمعرات کو بحرین پہنچے جو کہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے گزشتہ سال ہونے والے ایک اہم معاہدے پر دستخط کے بعد کسی بھی سینئر اسرائیلی سرکاری عہدیدار کا خلیجی ریاست کا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے ، یائر لیپڈ اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقاتوں اور اسرائیل کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارتی وفد اپنے بحرین کے ہم منصبوں سے ملاقات کرے گا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بحرینی حکام کے گذشتہ سال نومبر میں اسرائیل کے سرکاری دورے کے بعد دونوں ملکوں نے اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے،آن لائن ویزا سسٹم شروع کرنے اور ہفتہ وار پروازیں چلانے سے اتفاق کیا تھا ، بحرین اور اسرائیل نے اکتوبر 2020ء میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ اعلامیے پر دست خط کیے تھے ، تب اسرائیل اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے منامہ کا دورہ کیا تھا اوربحرینی حکام سے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال چار اسلامی ممالک یو اے ای، متحدہ عرب امارات، مراکش اور سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا ، جس کے بعد بحرین بھی ان ممالک مین شامل ہوگیا ، اسلامی ممالک کے اس فیصلے پر فلسطینی حکومت اور عوام نے سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا اور دُنیا کے کئی مسلم ممالک کی عوام نے بھی اس فیصلے کو سخت ناپسند کیا تھا تاہم ان ممالک نے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے اسرائیل سے دوستی کا معاہدہ بھی کر ڈالا ہے جس کے بعد تجارتی، سفارتی، طبی و سائنسی شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں