خاوند کو گُردہ دے کر اُس کی جان بچانے والی بیوی کو انوکھا صِلہ مِل گیا

احسان فراموش خاوند نے وفا شعار بیوی پر چوری کا الزام لگا کر اُسے جیل بھجوا دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 جنوری 2020 14:04

خاوند کو گُردہ دے کر اُس کی جان بچانے والی بیوی کو انوکھا صِلہ مِل گیا
قاہرہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3جنوری2019ء) یہ دُنیا ناقابلِ یقین واقعات سے بھری پڑی ہے۔ آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا انوکھا واقعہ سامنے آتا ہے جسے سُن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اور انسان کے اشرف المخلوقات ہونے پر شک ہونے لگتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ مصر میں بھی رُونما ہوا۔ جب شوہر نے اپنی اُس وفا شعار بیوی کوچوری کے جھُوٹے الزام میں چھ مہینے کی سزا دِلوا دی، جس نے اُسے اپنا گردہ دے کر موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا تھا۔

مگر تندرست ہونے کے بعد شوہر نے ساری عمر بیوی سے ٹُوٹ کر محبت کرنے کی بجائے اُسے اس لیے جیل بھجوا دیا تاکہ وہ دُوسری شادی کر سکے۔ مصری اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصری خاتون رحاب فتحی کے شوہر کے دونوں گُردے فیل ہو چکے تھے، اور ڈاکٹروں نے کہہ دیا تھا کہ اگر اُسے کسی نے اپنا گردہ عطیہ نہ دِیا تو وہ بس چند دِنوں میں ہی دُنیاسے رخصت ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

خاوند کی حالت خطرے میں دیکھ کر خاتون رحاب نے جھٹ سے اپنا گردہ دینے کا فیصلہ کر لیا اور یوں اس نے خاوند کی جان بچا لی۔ مگر احسان فراموش خاوند کے دِل میں کچھ اور ہی چل رہا تھا۔رحاب نے بتایا کہ وہ گُردہ عطیہ دینے کے بعد جب گھر آئی تو کمزوری کی وجہ سے گھر کے کاموں میں دُشواری کا سامنا پیش کرنا پڑا۔ اُس کے شوہر نے بہانے بہانے سے اُس سے لڑائی جھگڑا شروع کر دیا اور اُس سے متعدد بار بدسلوکی کی۔

اور پھر ایک دِن اُسے گھر سے نکال دیا۔ اسی پر بس نہ کی، بلکہ منصوبے کے مطابق اپنی بیوی کے خلاف علاقے کے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروا دی کہ اُس نے اپنے گھر کا الیکٹرانک و دیگر سامان چوری کر کے کسی رشتہ دار کی گھر چھُپا دِیا ہے۔ بیوی کو گھر سے نکالنے کے بعد خاوند نے دُوسری شادی کر لی۔ مکار خاوند نے رحاب کے خلاف عدالت میں مقدمے کی کارروائی کے دوران من گھڑت ثبوت بھی پیش کر دیئے ۔

اس دوران قریبی دوستوں نے دونوں میاں بیوی کے درمیان صلح صفائی کرانے کی کوشش کی مگر بدنیت خاوند کی ہٹ دھرمی کے باعث معاملات سُدھر نہ سکے۔ عدالت نے خاتون کو قصور وار قرار دے کر چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ یہ سارا معاملہ سوشل میڈیا پر اُٹھایا گیا تو مصر بھر میں رحاب کی مظلومیت کے حوالے سے آوازیں بُلند ہونے لگیں اور اُسے جھوٹے مقدمے میں ہونے والی سزا ختم کرنے کا پُرزور مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

مصری عوام کا کہنا ہے کہ اس خاتون سے زیادہ اور کون بدقسمت ہو گا، جسے اپنی شوہر کی جان بچانے کی سزا مِل رہی ہے، گُردے کی قربانی دینے والی خاتون کو بے حِس شوہر نے گھر سے بھی نکال دیا، اور پھر اس پر چوری کا الزام لگا کر چھ مہینے کی قید بھی کروا دی۔ اس ظلم پر بھی جی نہ بھرا تو اُس پر سوتن لا کر بھی بٹھا دی۔ سوشل میڈیا صارفین نے رحاب کے شوہر کو اُس کی شرمناک حرکات پر سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں