بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر نے خودکشی کرلی

53سالہ بھارتی تاجر نے بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پنکھے سے لٹک کر خوکشی کرلی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 1 مئی 2020 00:25

بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر نے خودکشی کرلی
نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اپریل2020ء) بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر نے خودکشی کرلی، تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں 53سالہ بھارتی تاجر نے بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پنکھے سے لٹک کر خوکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق انہیں ہلاک ہونے والے شخص کے بیٹے نے اطلاع دی تو وہ موقع پر پہنچے جہاں ایک شخص پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر چکا تھا۔

پولیس کے مطابق بدھ کے روز اس شخص کی بیوی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا جس کے بعد اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس نے گھر کے باقی افراد کو قرنطینہ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1718 نئے کیسز سامنے آئے ہیںجس سے کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33062 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز 67 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ملک میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1074 ہوگئی ہے، ملک بھر میں اب تک 33062 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ 8324 افراد اب تک صحتیاب ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست مہاراشٹر اور گجرات میں سب سے زیادہ کیسزسامنے آئے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں کورونا وائرس سے مزید 597 اور 338 افراد متاثر ہوئے ہیں جو ملک کی دیگر ریاستوں میں اس دوران سامنے آنے والے متاثرین کے اعداد و شمار کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد ہلاک ہوئے جس سے یہ تعداد بڑھ کر432 ہو گئی۔ ریاست گجرات میں 16 افراد کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 197 ہو گئی۔ بھارتی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1074 ہوگئی ہے۔

نئی دہلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں